اسرائیلی فوج کے غزہ میں وحشیانہ حملے، 24گھنٹوں میں 58فلسطینی شہید
اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں کارروائیاں کرتے ہوئے 9 فلسطینیوں کو شہید کر کے متعدد کو حراست میں لے لیا، اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں
غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فوج کے غزہ میں وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 58 فلسطینی شہید ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 40ہزار 500سے تجاوز کر چکی ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق غزہ میں ہونے والے اسرئیلی حملوں میں مزید ایک فلسطینی صحافی کو نشانہ بنایا گیا جس میں فوٹو جرنلسٹ محمد ابد ربو اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہوگئے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں کارروائیاں کرتے ہوئے 9 فلسطینیوں کو شہید کردیا اور متعدد کو حراست میں لے لیا، اس دوران اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کیدرمیان جھڑپیں ہوئیں۔ اس کے علاوہ غزہ جنگ بندی معاہدے پر بات چیت کا ایک اور دور قطر میں ہوگا جس کے لیے اسرائیلی وفد آج دوحہ پہنچے گا۔اس سے پہلے قاہرہ میں ہونے والا مذاکرات کا دور بغیرکسی نتیجے کے ختم ہوا تھا اور حماس نے ثالثوں کی جانب سے دی گئی نئی تجاویز کو مسترد کردیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق مغربی کنارے کے علاقوں جنین کیمپ، طولکرم اور طوباس میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں 9 فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ متعدد فلسطینیوں کو گرفتارکرلیاگیا۔