انٹرنیشنل

اسماعیل ہنیہ کو کہاں شہید کیا گیا؟ امریکی اخبار نے مبینہ مقام کی تصویر جاری کر دی

ایک ایرانی عہدیدار نے یہ تصویر ہم سیشیئر کی ہے تاہم ایرانی حکام کی جانب سے باضابطہ طور پر اب تک اس طرح کی کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکی ہیں: امریکی اخبار

امریکا (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی اخبار نے مبینہ طور پر ایران میں اس مقام کی تصویر جاری کرنے کا دعوی کیا ہے جہاں فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو شہید کیا گیا۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق اب ایک امریکی اخبار نے مبینہ طور پر اس مقام کی تصویر جاری کی ہے جہاں حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو شہید کیا گیا تھا۔ امریکی اخبار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایک ایرانی عہدیدار نے یہ تصویر ہم سیشیئر کی ہے تاہم ایرانی حکام کی جانب سے باضابطہ طور پر اب تک اس طرح کی کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔

حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو 31 جولائی کو ایران کے دارالحکومت تہران میں اس وقت میزائل حملے میں شہید کیا گیا جب وہ ایران کے نو منتخب صدر مسعود پزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے موجود تھے۔ ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ حامنہ ای نے حماس کے مرکزی رہنما کی تہران میں شہادت کی مذمت کرتے ہوئے اسماعیل ہنیہ کے قتل کا بدلہ لینا ایران پر فرض قرار دیتے ہوئے اسرائیل پر براہ راست حملہ کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

ادھر ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ردعمل میں کہا ہے کہ ایران دہشتگرد قابضین کو اس شہادت کے بزدلانہ عمل پر پچھتانے پر مجبور کردے گا۔ حماس نے بھی تہران میں اسماعیل ہنیہ کے میزائل حملے میں شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میزائل سیدھا کھڑکی توڑتا ہوا اسماعیل ہنیہ کو لگا، حملے میں اسماعیل ہنیہ اور ان کا ایک محافظ شہید ہو گئے۔

یورپی مبصر برائے مشرق وسطی ایلیا جے میگنیئر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسماعیل ہنیہ کو نشانہ بنانے کیلئے اسرائیل کا جاسوسی سافٹ ویئراستعمال کیا گیا۔ ایلیا جے میگنیئر کے بیان کے مطابق اسرائیل نے اسماعیل ہنیہ کے واٹس ایپ پیغام میں جدید ترین اسپائی ویئر لگائے، اسپائی سافٹ ویئر نے اسرائیلی انٹیلی جنس کو اسماعیل ہنیہ کی لوکیشن بتائی۔ اسماعیل ہنیہ کو اپنے بیٹے کے ساتھ ہونے والی کال کے بعد شہید کیا گیا، کال کے دوران اسماعیل ہنیہ کے مقام کی نشاندہی کی گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button