امریکی صدرجوبائیڈن کا عید الاضحیٰ پرمبارکباد کا پیغام جاری
امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ میری اور جِل بائیڈن کی طرف سے امریکا اور دنیا بھر میں رہنے والے مسلمانوں کو عید الاضحیٰ مبارک ہو
واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکا کے صدر جوبائیڈن نے عید الاضحیٰ پر مبارکباد کا پیغام جاری کیا ہے۔ امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ میری اور جِل بائیڈن کی طرف سے امریکا اور دنیا بھر میں رہنے والے مسلمانوں کو عید الاضحیٰ مبارک ہو۔ امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ آج کے دن مسلمان عبادت اور قربانی کرتے ہیں، مسلمان آج کے دن ضرورت مندوں کو کھانا بھی دیتے ہیں۔
امریکی صدر نے اپنے بیان میں تمام مسلمانوں کو حج کی مبارک باد بھی دی۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے بیان میں کہا کہ حج اور عید الاضحیٰ ہمیں مساوات اور خیرات کی اہمیت یاد دلاتی ہے، امریکا لاکھوں امریکی مسلمانوں کا گھر ہے، بہت سے امریکی مسلمان میری انتظامیہ میں شامل ہیں۔
جوبائیڈن نے اپنے بیان میں کہا کہ میں پہلا صدر ہوں جس نے امریکی مسلمانوں کو وفاقی عدالتوں میں نامزد کیا، میں امریکی عوام کی جانب سے ان کی محنت اور کام کا مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی مسلمان ہمارے خاندان، دوست اور ساتھی شہری ہیں، وہ ہماری قوم کو مضبوط بناتے ہیں۔
جوبائیڈن نے اپنے بیان میں کہا کہ اس سال عید الاضحیٰ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ایک مشکل وقت میں آئی ہے، غزہ میں بے گناہ شہری جنگ کی ہولناکی کا شکار ہیں جہاں ہزاروں بچوں سمیت بہت سے معصوم لوگ مارے جاچکے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا ہے کہ غزہ میں کئی لوگوں کو اپنا گھر چھوڑنا پڑا، سیکڑوں لوگوں نے اپنے خاندان اور گھروں کو تباہ ہوتے دیکھا، ان لوگوں کا درد بہت بڑا ہے، میری انتظامیہ جنگ کے خاتمے، انسانی بنیادوں پر ریلیف فراہم کرنے اور مستقبل کے دو ریاستی حل کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے جس کے بارے میں میرا یقین ہے کہ یہ فلسطینیوں کے لیے پائیدار امن کے حصول کا واحد راستہ ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ نفرت کی امریکا میں کوئی جگہ نہیں چاہے اس کا نشانہ امریکی مسلمان، عرب، فلسطینی یا کوئی بھی ہو،میری انتظامیہ اسلاموفوبیا اور تعصب کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک قومی حکمتِ عملی بنا رہی ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ ہم اپنے امریکی مسلمان حاجیوں کا استقبال کرنے کے منتظر ہیں۔