امریکی محکمہ انصاف کا ٹک ٹاک کیخلاف ہرجانے کا مقدمہ’ ٹک ٹاک انتظامیہ نے بھی جواب دینے کی تیاری مکمل کرلی
امریکی محکمہ انصاف نے ٹک ٹاک پر بچوں کے ایک پرائیویسی قانون اور فیڈرل ٹریڈ کمیشن (ایف ٹی سی) سے کیے گئے 2019 کے ایک معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا
امریکا (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی محکمہ انصاف نے ٹک ٹاک کیخلاف ہر جانے کا مقدمہ درج کر دیا جبکہ ٹک ٹاک انتظامیہ نے بھی اس کا بھرپور جواب دینے کی تیاری مکمل کرلی ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے ٹک ٹاک پر بچوں کے ایک پرائیویسی قانون اور فیڈرل ٹریڈ کمیشن (ایف ٹی سی) سے کیے گئے 2019 کے ایک معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے یہ مقدمہ دائر کیا۔ یہ مقدمہ فیڈرل ٹریڈ کمیشن کی جانب سے ٹک ٹاک کے خلاف کی جانے والی ایک تحقیقات کے نتائج پر مبنی ہے۔ ایف ٹی سی کی جانب سے اس تحقیقاتی رپورٹ کو 2024 کے شروع میں محکمہ انصاف کے پاس جمع کرایا گیا تھا۔ ایف ٹی سی کے مطابق تحقیقات میں دریافت ہوا کہ ٹک ٹاک کی جانب سے 2019 کے معاہدے اور چلڈرنز آن لائن پروٹیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
اس حوالے سے محکمہ انصاف کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ2019ء سے اب تک ٹک ٹاک کی جانب سے دانستہ طور پر بچوں کو ٹک ٹاک اکانٹس بنانے کی اجازت دی گئی جبکہ انہیں بالغ افراد کے ساتھ میسجز اور مختصر ویڈیوز کو شیئر کرنے کی اجازت بھی دی گئی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ کمپنی کی جانب سے بچوں کی تفصیلات کو اکٹھا کرکے والدین کی مرضی کے بغیر مختلف مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔ امریکی محکمہ انصاف کے مقدمے پر ٹک ٹاک نے ایک بیان میں ردعمل ظاہر کیا۔ بیان کے مطابق ٹک ٹاک کی جانب سے بچوں کی ذاتی تفصیلات کو اکٹھا کیا جاتا ہے اور یہ سوشل میڈیا کمپنی ان تفصیلات کو ڈیلیٹ کرنے کی درخواستوں پر عملدرآمد میں ناکام رہی۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ ہماری جانب سے مختلف فیچرز جیسے ڈیفالٹ اسکرین ٹائم لمٹ، فیملی پیئرنگ اور دیگر پرائیویسی فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔ یہ مقدمہ اس وقت دائر کیا گیا ہے جب ٹک ٹاک کی جانب سے امریکی حکومت کی جانب سے تجویز کردہ پابندی کو عدالت میں چیلنج کیا گیا ہے۔ ٹک ٹاک کی جانب سے دائر مقدمے کی اولین سماعت ستمبر 2024 میں ہوگی۔کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کی جانب سے محکمہ انصاف کے اٹھائے گئے نکات کی روک تھام ماضی میں کی جاچکی ہے۔ ٹک ٹاک نے کہا کہ ہم ان الزامات سے اتفاق نہیں کرتے، ان میں سے بیشتر کی روک تھام ہوچکی ہے اور ہمیں بچوں کو تحفظ دینے کے لیے کیے گئے اپنے اقدامات پر فخر ہے۔ بیان کے مطابق بچوں کے تحفظ کے لیے پلیٹ فارم کو اپ ڈیٹ کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا اور اسی کو دیکھتے ہوئے ہم نے مشتبہ کم عمر صارفین کے اکانٹس ڈیلیٹ کیا ہے۔