اپوزیشن جماعت کانگریس نےمقبوضہ کشمیرپربی جے پی کی پالیسیاں بےنقاب کردیں
کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے کہا کہ ہم وعدہ کرتے ہیں جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی یقینی بنائیں گے
نیودہلی(ویب ڈیسک) بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے مقبوضہ کشمیر پر بی جے پی کی پالیسیاں بے نقاب کردیں۔ کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے کہا کہ ہم وعدہ کرتے ہیں جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی یقینی بنائیں گے، آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد مقبوضہ وادی پر مودی نے جابرانہ سیاست کی۔ مقبوضہ ریاست کا حق چھین کر اسے مرکز کے زیرانتظام علاقہ بنا دیا گیا۔ مقبوضہ وادی کی آزادی واپس حاصل کرنا ضروری ہے۔
کانگریس نے حال ہی میں مقبوضہ جموں کشمیر اسمبلی انتخابات کا منشورجاری کیا ہے۔ مودی کے نام نہاد سیکولر بھارت میں کشمیر کی آزادی کی آواز پوری قوت سے گونج رہی ہے ۔ مقبوضہ کشمیرمیں مظلوم اور لاچار کشمیریوں کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ 2019 میں بھارت نےکشمیرکی خصوصی حیثیت کوختم کرکے کنٹرول اپنےہاتھ میں لے لیا۔ مقبوضہ کشمیر میں ڈھونگ پر مبنی ریاستی اتنخابات کا پہلا مرحلہ کل سے شروع ہوگا۔ مودی سرکار نے من پسند نتائج حاصل کرنے کیلئے وادی کو چھاؤنی میں تبدیل کردیا۔
دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کئی دہائیوں سے جاری ہے اور بی جے پی کی ہٹ دھرمی اور فسطائیت برقرار ہے،کانگریس کے منشور پر بی جے پی نے ہمیشہ کی طرح زہر اگلنا شروع کردیا ۔ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے گیڈر بھبکی دیتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل تین سو ستر تاریخ کا حصہ بن چکا ہے ۔ اسے بحال نہیں کیاجاسکتا ۔ اس مسئلے کو جڑ سے ختم کردیں گے کہ کوئی کچھ نہ بول سکے۔