اگرایران پرحملہ کیا تو اسرائیل کےتمام انفرا اسٹرکچرکو نشانہ بنائیں گے،ایرانی فوج کے سربراہ کا اعلان
ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے سرکاری ٹی وی پر کہا کہ اگر اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملہ کیا گیا تو اسے نتائج بھگتنے ہوں گے
تہران(ویب ڈیسک) ایرانی فوج کے سربراہ نے اسرائیل کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایران پر حملہ کیا تو اسرائیل کے تمام انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنائیں گے۔ گزشتہ روز ایران کی جانب سے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ کی شہاست کا بدلہ لیتے ہوئے اسرائیل پر 400 کے قریب میزائل داغے گئے جس کے بعد امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہےکہ اسرائیل آئندہ چند روز میں ایران پر حملہ کرے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے سرکاری ٹی وی پر کہا کہ اگر اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملہ کیا گیا تو اسے نتائج بھگتنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حملہ ہوا تو اسرائیل کو بہت شدت کے ساتھ جواب دیا جائے گا اور اس کے تمام بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جائے گا۔
دوسری جانب ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ ایران کی جانب سے اگلا حملہ اس سے کہیں زیادہ تکلیف دہ ثابت ہوگا۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا اور نیوز چینلز پر ایران سے اسرائیل پر داغے گئے میزائل کی ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں جس میں میزائلز کی بھرمار کو اسرائیل کی حدود میں دیکھا گیا جب کہ اسرائیلی شہری جانیں بچانے کیلئے شیلٹر میں چھپنے پر مجبور ہوگئے۔