ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ، 35افراد جاں بحق
بریک خراب ہونے کے سبب بس الٹ گئی'صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ سے 51 مسافر سوار تھے
لاہور(انٹرنیشنل ڈیسک)ایران کے شہر یزد کے قریب پاکستانی زائرین کو لے جانے والی بس کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 35 افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہو گئے ہیں۔ایران کے سرکاری ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی زائرین کی بس یزد میں تافتان چیک پوائنٹ کے سامنے الٹ گئی جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔حادثہ ایرانی دارالحکومت تہران سے تقریبا 500 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع شہر تافت کے باہر پیش آیا ہے، حادثے کے وقت بس میں 51 افراد سوار تھے۔
ایرانی پولیس کی ابتدائی تفتیش کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ حادثہ منگل کی رات پیش آیا اور اس کی وجہ بس کے بریک نظام میں خرابی بنی۔ایرانی میڈیا کا بتانا ہے کہ زائرین کی بس کو حادثہ رات 9 بج کر 54 منٹ پر پیش آیا، بس میں 51 زائرین سوار تھے، حادثے میں 35 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ان پاکستانی زائرین میں سے زیادہ تر کا تعلق سندھ کے ضلع لاڑکانہ، گھوٹکی اور دیگر شہروں سے بتایا جا رہا ہے۔
ٹریول آپریٹر علامہ قمبر عباس نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستانی زائرین کی بس صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ سے زائرین کو لے کر ایران روانہ ہوئی تھی، دو بسوں پر مشتمل قافلے میں 100 سے زائد افراد شامل تھے۔پاکستانی زائرین کے قافلے کے سالار اطہر شمسی نے ایک ویڈیو بیان میں بتایا کہ ان کا قافلہ دو بسوں پر مشتمل تھا اور وہ اربعین کے لیے عراق جا رہے تھے کہ ایک بس چیک پوسٹ کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایران میں پاکستانی زائرین کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت خارجہ کو میتوں کو وطن واپس لانے اور زخمیوں کو بروقت امداد پہنچانے کا حکم دیا ہے۔
پاکستانی سفیر محمد مدثر کے مطابق سفارت خانے کے اہلکار بدھ کی صبح تہران سے 700 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع یزد کے لیے روانہ ہو چکے ہیں جبکہ ایک افسر زاہدان میں ہنگامی انتظامات کی نگرانی کر رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ایرانی حکومت اور یزد کے میئر سے رابطے میں ہیں۔