تحریر الشام تنظیم دہشتگرد : بائیڈن انتظامیہ، احمد الشرع کا فیصلہ ٹرمپ انتظامیہ پر چھوڑ دیا
تحریر الشام تنظیم کا نام غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں باقی رہنے سے امریکی شہریوں کے لیے اس تنظیم کو "مادی سپورٹ" پیش کرنا غیر قانونی ہو گا
امریکہ (مانیٹرنگ ڈیسک) بائیڈن انتظامیہ نے اپنے آخری دنوں میں تحریر الشام تنظیم کو دہشتگرد کی فہرست میں برقرار رکھا جبکہ احمد الشرع کے مستقبل کا فیصلہ ٹرمپ انتظامیہ پر چھوڑ دیا ہے ۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے "تحریر الشام” تنظیم کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس طرح تنظیم اور اس کے سربراہ احمد الشرع کے حوالے سے حتمی فیصلہ منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آئندہ انتظامیہ کے لیے چھوڑ دیا گیا ہے۔
مذکورہ امریکی ذمے داران کا کہنا ہے کہ گذشتہ برس کے اواخر میں شامی صدر بشار الاسد کا تختہ الٹ کر دنیا کو حیران کر دینے والے اسلام پسندوں کو پہلے یہ ثابت کرنا چاہیے کہ انھوں نے شدت پسند جماعتوں بالخصوص القاعدہ تنظیم سے اپنے تعلقات ختم کر لیے ہیں ۔ اس کے بعد دہشت گرد تنظیم کی فہرست سے ان کا نام نکالا جائے گا”۔ تحریر الشام تنظیم کا نام غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں باقی رہنے سے امریکی شہریوں کے لیے اس تنظیم کو "مادی سپورٹ” پیش کرنا غیر قانونی ہو گا۔ عالمی برادری کے اندر اس بات پر وسیع اتفاق ہے کہ ایک دہائی سے زیادہ کی خانہ جنگی کے بعد شام کو مزید امداد اور تعمیر نو کے منصوبوں کی اشد ضرورت ہے۔