جزیرہ نما سینا میں سکیورٹی فورسز کے دفاتر پرفائرنگ، چارپولیس اہلکار ہلاک
مسلح حملہ آوروں نے صوبہ شمالی سینا کے دارالحکومت العریش میں واقع نیشنل سکیورٹی کے ہیڈکوارٹر پر فائرنگ کی اور 21افراد زخمی ہوئے' رپورٹ
قاہرہ( مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن) مصر کے شورش زدہ علاقے جزیرہ نما سینا میں سکیورٹی فورسز کے قلعہ نما دفاتر پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک سینئرافسر سمیت چار پولیس اہلکار ہلاک اور21 زخمی ہو گئے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق مصری حکام نے بتایاکہ مسلح حملہ آوروں نے صوبہ شمالی سینا کے دارالحکومت العریش میں واقع نیشنل سکیورٹی کے ہیڈکوارٹر پر فائرنگ کی ہے۔زخمیوں میں بعض اہلکار گولیوں کا نشانہ بنے اور بعض کو اسپتال کے اندر فائر کی جانے والی آنسو گیس کی وجہ سے سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا’ زخمیوں میں آٹھ افسربھی شامل ہیں۔
وزارتِ داخلہ نے تشدد کے اس واقعہ کے بارے میں کوئی تفصیلی بیان جاری نہیں کیا اور نہ یہ پتا چل سکا ہے کہ سکیورٹی فورسز پر کس نے فائرنگ کی ہے۔شمالی سینا میں مصری فورسز گذشتہ کئی برسوں سے داعش سے وابستہ انتہا پسند جنگجوں کے خلاف کارروائی کررہی ہیں۔ ان جنگجوں نے علاقے میں پولیس اور فوج پر متعدد مہلک حملے کیے ہیں۔