جیا بچن اپنے نام کے ساتھ امیتابھ بچن کا نام لگانے پر پھٹ پڑیں
جیا بچن نے ڈپٹی چیئرمین سمیت سب کو یاد دہانی کرائی کہ الگ سے ان کی اپنی بھی ایک پہچان ہے، انہوں نے کہا کہ صرف جیا بچن بولتے تو کافی ہو جاتا
نیو دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) نامور اداکارہ اور بھارتی سیاستدان جیا بچن کا نام ایک مرتبہ پھر راجیہ سبھا میں موضوعِ بحث بن گیا اور وہ اپنے نام کے ساتھ امتیابھ بچن کا نام لگانے سے پھٹ پڑیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے جیا بچن راجیہ سبھا میں اپنے نام کے ساتھ امیتابھ بچن کا نام جوڑنے پر پھٹ پڑی تھیں۔ راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نارائن نے جیا بچن کو پارلیمنٹ ہاس کے سیشن میں خطاب کیلئے مدعو کرتے ہوئے مخاطب کیا تھا کہ شریمتی جیا امیتابھ بچن جی پلیز۔ جیا بچن نے ڈپٹی چیئرمین سمیت سب کو یاد دہانی کرائی کہ الگ سے ان کی اپنی بھی ایک پہچان ہے، انہوں نے کہا کہ صرف جیا بچن بولتے تو کافی ہو جاتا۔
جیا بچن نے کہا کہ یہ کچھ نیا طریقہ ہے کہ عورتیں اپنے شوہر کے نام سے جانی جائیں، ان کی اپنی کوئی شناخت نہیں، ان کی اپنی کوئی حاصلات نہیں، ان کی اپنی کوئی پہچان نہیں۔اب ایک مرتبہ پھر جیا بچن اپنے نام کو لے کر راجیہ سبھا میں ناراض ہوگئیں۔ راجیہ سبھا کے چیئرپرسن جگدیپ دھنکار نے ایک مرتبہ پھر جیا بچن کو ‘شریمتی جیا امیتابھ بچن’ کہہ کر پکارا جس پر جیا بچن نے کہا ‘شکریہ سر آپ کو امیتابھ کا مطلب پتا ہے نا؟’ جواب میں جگدیپ دھنکار بولے ‘آپ اپنا نام بدل لیجیے، میں بدلوا دوں گا، جو نام الیکشن سرٹیفکیٹ میں آتا ہے اور جو نام یہاں درج کروایا جاتا ہے اس کے اندر تبدیلی کا کچھ طریقہ کار ہے اور 1989 میں یہ میں خود کرچکا ہوں’۔ یہ سن کر جیا بچن بولیں ‘نہیں سر میں اپنے نام پر فخر کرتی ہوں اور مجھے امیتابھ بچن پر بھی فخر ہے، میں ان کی تمام تر کامیابیوں کی قدر کرتی ہوں، یہ نام کا ڈرامہ آپ لوگوں نے نیا شروع کیا ہے، میں نام کو لے کر بہت خوش ہوں’۔