حماس کا اسرائیل پر حملہ، اسرائیلی فوج اپنی ہی انٹیلی جنس کے خلاف پھٹ پڑی
یہ نائن الیون اور پرل ہاربر جیسا حملہ ہے'یہ اسرائیل کی تاریخ کا اب تک کا بدترین دن ہے' اس سے پہلے کبھی ایک ہی حملے سے اتنے زیادہ اسرائیلی نہیں مارے گئے تھے

تل ابیب(ماینٹرنگ ڈیسک) ترجمان اسرائیلی فوج نے انٹیلی جنس ناکامی کا اعتراف کیا ہے کہ ہمیں پتا ہی نہیں چلا اور حماس والے ہمارے پاس پہنچ گئے۔ یہ حملہ اسرائیل کا نائن الیون ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق گذشتہ چند گھنٹے میں اسرائیلی فوج کے دو سینئر ارکان نے ہفتے کوغزہ سے ہونے والے حملوں کا موازنہ امریکا پر نائن الیون کے حملوں سے کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان میجر نیر دینار نے حماس کے جانب سے اسرائیل پر حملے کا موازنہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہمارے لیے امریکا میں ہونے والے نائن الیون کے حملے جیسا تھا۔ انھوں نے ہمیں آ لیا۔ لیفٹیننٹ کرنل جوناتھن کونریکس نے بھی حماس کے حملوں کا موازنہ امریکا میں ہونے والے بڑے حملوں سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نائن الیون اور پرل ہاربر جیسا حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسرائیل کی تاریخ کا اب تک کا بدترین دن ہے۔ اس سے پہلے کبھی ایک ہی حملے سے اتنے زیادہ اسرائیلی نہیں مارے گئے تھے۔