انٹرنیشنل

دبئی نے پانی میں تیرتی ہوئی دنیا کی پہلی اور منفرد مسجد بنانے کا اعلان کر دیا، کتنی لاگت آئیگی؟ تفصیل آگئی

دبئی نے پانی کے اندر تیرتی ہوئی مسجد بنانے کے لیے 55 ملین درہم کے منصوبے کا اعلان کیا ہے، اس کا ڈھانچہ بنیادی طور پر تین منزلوں پر مشتمل ہوگا

دبئی( مانیٹرنگ ڈیسک) دبئی نے پانی میں تیرتی ہوئی دنیا کی پہلی اور منفرد مسجد بنانے کا اعلان کر دیا ہے ، اس مسجد پر کتنی لاگت آئے گی؟ اس حوالے سے تمام تر تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق تعمیرات کے شعبے میں اپنے حیران کن منصوبوں کی بدولت دنیا بھر میں الگ پہچان رکھنے والے متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ایک اور منفرد قسم کا پروجیکٹ شروع ہونے جارہا ہے، اس بار دبئی نے پانی کے اندر تیرتی ہوئی مسجد بنانے کے لیے 55 ملین درہم کے منصوبے کا اعلان کیا ہے، اس کا ڈھانچہ بنیادی طور پر تین منزلوں پر مشتمل ہوگا جس میں پانی کے اندر ڈوبے ہوئے ڈیک کو نماز ادا کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا، جس سے نمازیوں کو پانی کے اندر نماز بڑھنے کا انوکھا تجربہ ہوگا۔

انٹرنیشنل میڈیا رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ زیر آب سطح پر مسجد کے ساتھ وضو کی سہولیات اور واش رومز بھی ہوں گے جب کہ فنِ تعمیر کے اس شاندار منصوبے کا آدھا حصہ پانی کے اوپر ہوگا، جس میں لوگوں کے بیٹھنے کی جگہیں اور ایک کافی شاپ بنائی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ دنیا کی اپنی نوعیت کی اس پہلی مسجد کے منصوبے کا اعلان اس وقت سامنے آیا جب دبئی میں اسلامک افیئرز اینڈ چیریٹیبل ایکٹیویٹی ڈیپارٹمنٹ (IACAD) نے اپنے مذہبی سیاحتی منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس حوالے سے آئی اے سی اے ڈی سے منسلک احمد المنصوری نے بتایا کہ اس منصوبے کی تعمیر جلد شروع ہو جائے گی، یہ ساحل کے بہت قریب تعمیر کیا جائے گا جہاں نمازی زمین سے جڑے ایک پل سے گزرتے ہوئے نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد آ جا سکیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button