روسی صدر نےیوکرین تنازعہ حل کرنےکیلئےنیا امن فارمولہ پیش کردیا
ولادیمر پیوٹن نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین تنازعہ روس سے مخلصانہ بات چیت کیے بغیر کبھی حل نہیں ہوگا
ماسکو(ویب ڈیسک) یوکرین کا تنازعہ حل کرنے کیلئے نیا امن فارمولہ پیش کرتے ہوئے روسی صدر ولادیمر پیوٹن نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین تنازعہ روس سے مخلصانہ بات چیت کیے بغیر کبھی حل نہیں ہوگا۔ صدر پیوٹن نے کہا کہ روس تاریخ کا سانحے سے بھرا صفحہ پلٹ کر یوکرین اور یورپ سے تعلقات بتدریج بہترکرنا چاہتا ہے تاہم اگر یوکرین اور مغرب بات چیت کی پیشکش کو مسترد کرتے ہیں تو وہی خون خرابے کے ذمہ دار ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ روس پہلے روز سے امن چاہتا ہے مگر مغرب نہ صرف روس کے مفادات کو نظرانداز کررہا ہے بلکہ یوکرین کو روس سے مذاکرات کرنے سے بھی روک رہا ہے۔ روسی صدر کا کہنا تھا کہ یہ احمقانہ لگتا ہے کہ ایک طرف یوکرین پر روس سے بات کرنے پر ممانعت ہے اور ساتھ ہی ماسکو سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ بات چیت کرے پھر کہہ دیا جاتا ہے کہ روس نے بات چیت سے انکار کردیا ہے۔
یوکرین کا تنازعہ حل کرنے کیلئے نیا امن فارمولہ پیش کرتے ہوئے روسی صدر کا کہنا تھا کہ یوکرینی افواج روس سے الحاق کرنے والے یوکرینی علاقوں دونیتسک، لوہانسک، خرسون اور زاپورزیا سے مکمل طورپر نکل جائیں اور یوکرین نیٹو میں شمولیت سے انکار کرے تو اس کے بعد ماسکو جنگ بندی کردے گا اور بات چیت کا آغاز کردیا جائے گا۔