سعودی عرب کا ریکوڈک منصوبے کے لئے گرانٹ دینے کا اعلان کردیا
سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) نے منارہ منرلز کے ذریعے سے 15 فیصد حصص خریدنے کی پیشکش کی ہے
ریاض(ویب ڈیسک)سعودی عرب کا ریکوڈک منصوبے کے لئے گرانٹ دینے کا اعلان کردیا۔رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کان کنی کے علاقے کے اطراف انفرا اسٹرکچر کی تعمیر میں بھی خاطر خواہ گرانٹ دے گا۔ یہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت پہلا سرمایہ کاری کا منصوبہ ہوگا۔ اس پیشکش میں 15 فیصد حصص خریدنے اور انفرا اسٹرکچر کی تعمیر کے لیے گرانٹ شامل ہے۔
ان مباحثوں میں شریک حکومتی افراد نےبتایا کہ اس پیش کش کےجواب میں پاکستان نےایک مذاکراتی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جو سعودی پیش کش کا جائزہ لے گی اور مذاکرات کےبعد حتمی قیمت کی سفارش کر کے وفاقی کابینہ کو منظوری کے لیے بھیجے گی۔
سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) نے منارہ منرلز کے ذریعے سے 15 فیصد حصص خریدنے کی پیشکش کی ہے۔ اس وقت وفاقی حکومت کے پاس ریکوڈیک مائننگ پروجیکٹ کے 25 فیصد حصص ہیں۔ حکومت اپنے انہی حصص میں سے 15 فیصد سعودی عرب کو فروخت کر دے گی۔
SIFC ڈویژن کے سیکرٹری جمیل قریشی رابطوں کے باوجود تبصرہ کے لیے دستیاب نہ ہو سکے۔ پٹرولیم ڈویژن کے ایک عہدیدار نے کہا کہ معاہدہ طے پا گیا تو یہ پاکستان سعودی عرب کے معاشی تعلقات کو مضبوط کر دے گا اور علاقے میں لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرے گا۔
واضح رہے پاکستان 5 ارب ڈالر کے سعودی کیش ڈپازٹ کو رول اوور کرنے کے لیے بھی کام کر رہا ہے۔ اسی طرح پاکستان نے نئی آئل فنانسنگ فیسیلٹی کے ضمن میں سعودی عرب سے 1.2 ارب ڈالر کی درخواست بھی کی ہے ۔
انفراسٹرکچر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزارت کے ایک عہدیدار نے ” دی ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ وفاقی حکومت نقل و حمل میں سہولت پیدا کرنے کے لیے ماش خیل پنجور روڈ کو تعمیر کرنا چاہتی ہے۔
وزارت اقتصادی امور نے سڑک کی اسکیم کو حتمی شکل دینے کے لیے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (ایس ایف ڈی) سے گرانٹ کے لیے بات چیت کی ہے۔ بات چیت میں پیش رفت ہونے پر فریقین اس روڈ منصوبے کی فزیبلٹی کو حتمی شکل دے دیں گے۔