سویڈن نے تارکین وطن کیلئے معاوضے میں حیران کن اضافہ کا اعلان کر دیا
2026ء سے رضاکارانہ طور پر اپنے آبائی ممالک کو واپس جانے والے تارکین وطن 34 ہزار ڈالرز(تقریبا ایک کروڑ پاکستانی روپے) معاوضہ حاصل کرنے کے اہل ہوں گے
سویڈن (مانیٹرنگ ڈیسک) یورپی ملک سویڈن نے رضاکارانہ طور پر اپنے ملک واپس جانے والے تارکین وطن کیلئے معاوضے میں حیران کن اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اب سویڈن کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ ان تارکین وطن کے لیے مالی مراعات میں نمایاں اضافہ کر رہے ہیں جو رضاکارانہ طور پر اپنے آبائی ممالک واپس جائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق سویڈن کے مائیگریشن وزیر نے بتایا کہ 2026ء سے رضاکارانہ طور پر اپنے آبائی ممالک کو واپس جانے والے تارکین وطن 34 ہزار ڈالرز(تقریبا ایک کروڑ پاکستانی روپے) معاوضہ حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔ اس اقدام کا مقصد مزید تارکین وطن کو اپنے آبائی ممالک میں واپس جانے کی ترغیب دینا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت سویڈن میں اپنے آبائی ممالک واپس جانے پر ایک تارکین وطن بالغ شخص کو تقریبا 980 ڈالر گرانٹ دی جاتی ہے۔ سویڈن ڈیموکریٹس کے ایک رہنما نے بتایا کہ یہ گرانٹ 1984 سے دی جارہی ہے لیکن اس کے بارے میں کم لوگ ہی جانتے ہیں۔ اس میں ملنے والا معاوضہ بہت کم ہے اس کی وجہ سے کم ہی لوگ اسے استعمال کرتے ہیں۔