عالمی دبائو کام کر گیا، مودی سرکار نے کینیڈا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے
ہردیپ سنگھ قتل کے شواہد دیکھے جس کے بعد صاف ظاہر ہوگیا کہ قتل میں بھارت ملوث ہے: جگمیت سنگھ، سکھوں کا مظاہرہ اور بھارت کیخلاف کارروائی کا مطالبہ
بھارت (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی دبائو کام کر گیا، مودی سرکار نے کینیڈا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے بھارت نے ہردیپ سنگھ نجر کیس میں تحقیقات کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروا دی ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ کینیڈا قتل کے ٹھوس شواہد فراہم کرے گا تو اس کا جائزہ لیں گے، بھارتی وزیرخارجہ کے بیان کے بعد کینیڈا کی انٹیلی جنس ایجنسی نے ہردیپ سنگھ قتل کیس کے شواہد سیاسی رہنماؤں کو دکھا دیئے، جس پر این ڈی پی کے رہنما جگمیت سنگھ نے تحقیقات میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ جگمیت سنگھ نے کہا کہ ہردیپ سنگھ قتل کے شواہد دیکھے جس کے بعد صاف ظاہر ہوگیا کہ قتل میں بھارت ملوث ہے۔ دوسری جانب کینیڈا، امریکا سمیت دیگر مغربی ممالک میں سکھوں نے ہردیپ سنگھ قتل کیخلاف مظاہرہ کیا اور بھارت کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔ مظاہرین نے حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت سے ہر قسم کے سفارتی تعلقات ختم کردیں جبکہ کینیڈین سکھوں نے بھارتی ہائی کمشنر کو ملک بدر کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔