غزہ پر جارحیت، جنوبی افریقہ نے بھی اسرائیل سے سفارتی عملہ واپس بلا لیا
ہمیں غزہ میں معصوم بچوں اور شہریوں کی شہادتوں پر بہت زیادہ تشویش ہے اور ہمارا ماننا ہے کہ اسرائیلی رویہ اجتماعی سزا دینے کے مترادف ہے: وزیر خارجہ جنوبی افریقہ
جنوبی افریقہ(کھوج نیوز) غزہ پر جارحیت کا سلسلہ برقرار رکھنے پر جنوبی افریقہ نے بھی اسرائیل سے اپنے سفارتی عملے کو واپس بلالیا’ ہمیں غزہ میں معصوم بچوں اور شہریوں کی شہادتوں پر بہت زیادہ تشویش ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق جنوبی افریقی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ غزہ کی صورتحال کے باعث وہ اپنے تمام سفارتکاروں کو اسرائیل سے واپس بلا رہی ہے۔ صدارتی دفتر کے لیے حکومتی وزیر Khumbudzo Ntshavheni نے کہا کہ اسرائیل میں موجود تمام سفارتی عملے کو مشاورت کے لیے واپس بلایا جا رہا ہے، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ بعد ازاں جنوبی افریقی وزیر خارجہ Naledi Pandor نے کہا کہ ہمیں غزہ میں معصوم بچوں اور شہریوں کی شہادتوں پر بہت زیادہ تشویش ہے اور ہمارا ماننا ہے کہ اسرائیلی رویہ اجتماعی سزا دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں لگتا ہے کہ اس معاملے پر جنوبی افریقا کی تشویش کو ظاہر کرنا ضروری ہے۔ اس سے قبل چاڈ، اردن، بحرین، ترکیہ، ہنڈورس، چلی اور کولمبیا بھی اسرائیل سے اپنے سفیروں کو واپس بلا چکے ہیں جبکہ بولیویا اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کر چکا ہے۔