غزہ کےعلاقے زیتون اورشیخ رضوان میں ہونےوالےتازہ حملوں میں بچوں سمیت مزید 10 فلسطینی شہید
پناہ گزین کیمپ پر ہونے والی اسرائیلی گولہ باری سے کم از کم 10 افراد مارے گئے۔ اس کے علاوہ اسرائیلی افواج نے رفح کے شمالی علاقوں میں بھی شدید گولہ باری کی ہے
غزہ(ویب ڈیسک) غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ 11 ماہ بعد بھی جاری ہے، غزہ کے علاقے زیتون اور شیخ رضوان میں ہونے والے تازہ حملوں میں بچوں سمیت مزید 10 فلسطینی شہید ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نصیرات پناہ گزین کیمپ پر ہونے والی اسرائیلی گولہ باری سے کم از کم 10 افراد مارے گئے۔ اس کے علاوہ اسرائیلی افواج نے رفح کے شمالی علاقوں میں بھی شدید گولہ باری کی ہے۔
ادھر اسرائیلی افواج نے گزشتہ کئی مہنیوں سے مسلسل تردید کے بعد اعتراف کر لیا ہے کہ گزشتہ نومبر میں غزہ میں ہلاک ہونے والے 3 اسرائیلی قیدی اسرائیلی فضائی حملوں میں مارے گئے تھے۔ واضح رہے کہ غزہ کی جنگ میں اب تک 41 ہزار 206 فلسطینی شہید اور 95 ہزار 337 زخمی ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیل میں 7 اکتوبر کو حماس کی قیادت میں ہونے والے حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد کم از کم 1 ہزار 139 ہے جبکہ اس موقع پر 200 سے زائد افراد کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔