انٹرنیشنل

نائجر میں فوجی بغاوت، فرانس نے اپنا سفیر اور فوجی دستوں کو واپس بلا لیا

نائجر( مانیٹرنگ ڈیسک) فرانس نے نائجر میں فوجی بغاوت کے بعد اپنے سفیر اور فوجی دستوں کو واپس بلانے کا فیصلہ کرلیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فرانسیسی صدر میکرون نے کہا کہ فرانس نے نائجر میں صدر محمد بازوم کی حکومت کے خلاف جولائی میں ہونے والی فوجی بغاوت کے بعد وہاں سے اپنے سفارتکاروں کو واپس بلانے اور فوجی دستوں کی دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔

میکرون نے کہا کہ نائجر میں موجود ہمارا سفیر اور متعدد سفارتی عملہ جلد ہی نائجر چھوڑ دے گا۔

فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ نائجر کے ساتھ فوجی تعاون بھی اب ختم ہوچکا ہے، نائجر میں ہمارے 1500 فوجی دستے ہیں جو چند ماہ یا ہفتوں میں واپس آئیں گے اور سال کے آخر تک یہ عمل مکمل کرلیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کو نائجر میں فوجی بغاوت کے بعد دباؤ کا سامنا ہے، حالیہ ہفتوں میں ہزاروں افراد نے دارالحکومت نیامے میں فرانسیسی فوج کے بیس کیمپ کے باہر شدید احتجاج کیا تھا۔

اس کے علاوہ نائجر کے فوجی سربراہ نے نائجر حکومت کو تسلیم نہ کرنے پر میکرون سے ملک سے افواج نکالنے کا مطالبہ کیا تھا۔

نائجر کے فوجی سربراہ نے میکرون کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم نائجر کی خودمختاری کے ایک نئے دور پر خوش ہیں، یہ ایک تاریخی لمحہ ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button