نیتن یاہو نےپولیو مہم کےدوران جنگ بندی کی خبروں کی تردید کردی
وسطی غزہ میں کلینکس، اسکولوں اور دیگر مقامات پر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے
تل ابیب(ویب ڈیسک) عالمی ادرہ صحت نے اسرائیلی بریریت سے تباہ حال وسطی غزہ میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا تاہم قابض صیہونی ریاست کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے پولیو مہم کے دوران جنگ بندی کی خبروں کی تردید کر دی۔
عرب میڈیا کے مطابق وسطی غزہ میں انسداد پولیو مہم کا پہلا مرحلہ شروع ہو گیا ہے، عالمی ادارہ صحت کے عملے کی وسطی غزہ میں پولیو ویکسی نیشن سے متعلق لسٹ بھی جاری کی گئی ہے، وسطی غزہ میں کلینکس، اسکولوں اور دیگر مقامات پر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق ان مقامات پر 10 سال سےکم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا سکتے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم ہاؤس نے غزہ میں انسداد پولیو مہم کے متعلق بیان جاری کیا ہے جس میں پولیو مہم کے لیے جنگ بندی کی خبروں کی تردید کی گئی ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم ہاؤس کا کہنا ہے کہ غزہ میں پولیو کے قطرے پلانےکے لیے عام جنگ بندی کی خبریں غلط ہیں، اسرائیل صرف ویکسینیٹرز کے گزرنے کیلیے ایک انسانی راہداری کی اجازت دے گا، ایسےعلاقوں کی نشاندہی کی جائے گی جو چند گھنٹوں تک ویکسین کے لیے محفوظ ہوں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل خبریں سامنے آئی تھیں کہ اسرائیل غزہ میں انسداد پولیو مہم کے دوران 3 روز کے لیے جنگ بندی پر آمادہ ہو گیا ہے، غزہ میں انسداد پولیو مہم اتوار سے منگل تک جاری رہے گی۔