ٹھوک ڈالنے کا حکم، مظاہرین آپے سے باہر، وزیراعظم ہائوس پر حملہ، وزیراعظم پتلی گلی سے اڑن چھو
بنگلہ دیش میں نئی احتجاجی لہر کے بعد ملک گیر کرفیو نافذ' ڈھاکہ کی طرف مارچ کی کال، پولیس کی جانب سے برسائی گئی ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس بھی کسی کام نہ آئی
بنگلہ دیش (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کی جانب سے ٹھوک ڈالنے کا حکم، مشتعل مظاہرین آپے سے باہر، وزیراعظم ہائوس پر حملہ، حسینہ واجد پتلی گلی سے اڑن چھو ہونے میں کامیاب ہو گئیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق بنگلہ دیش میں مظاہرین نے سول نافرمانی کے دوسرے روز ہی وزیراعظم ہاؤس پر دھاوا بول دیا اور مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق شیخ حسینہ واجد ہیلی کاپٹر کے ذریعے انڈیا روانہ ہو گئی ہیں۔بنگلہ دیش میں نئی احتجاجی لہر کے بعد ملک گیر کرفیو نافذ ہے لیکن مظاہرین نے اس کے باوجود دارالحکومت ڈھاکہ کی طرف مارچ کی کال دی ہے تاکہ وزیر اعظم شیخ حسینہ پر استعفیٰ دینے کے لیے دباؤ ڈالا جا سکے۔احتجاج کی کال کے سبب ملک بھر میں حکومت نے براڈ بینڈ انٹرنیٹ اور موبائل ڈیٹا سروسز کو منقطع کر دیا ہے۔ دارالحکومت ڈھاکہ میں سکیورٹی فورسز کے اضافی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔
ملک بھر میں تشدد کی نئی لہر میں اتوار کو کم از کم 100 افراد جان سے گئے اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔ پولیس نے دسیوں ہزار مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور ربڑ کی گولیاں چلائیں۔ سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ سسٹم کے خاتمے کے خلاف احتجاج میں گذشتہ ماہ پرتشدد مظاہروں میں 200 سے زیادہ اموات ہوئی تھیں۔ پرتشدد احتجاج اس نئے سلسلے کے بعد اتوار کی شام سے ملک بھر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے، ریلوے سروس معطل کر دی ہیں اور ملک کی گارمنٹس کی بڑی صنعت بند ہو گئی ہے۔