کبھی اتنی ہلاکتیں اورتباہی نہیں دیکھی جتنی غزہ میں دیکھ رہےہیں،اقوام متحدہ کےسیکریٹری جنرل تڑپ اُٹھے
سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ انتونیو گوئتریس کا کہنا ہے کہ یہ غیر حقیقی ہے کہ اقوامِ متحدہ مستقبل میں غزہ کا انتظام سنبھالے یا امن مشن دے
نیویارک(ویب ڈیسک) کبھی اتنی ہلاکتیں اورتباہی نہیں دیکھی جتنی غزہ میں دیکھ رہےہیں،اقوام متحدہ کےسیکریٹری جنرل تڑپ اُٹھے۔رپورٹس کے مطابق سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ انتونیو گوئتریس کا کہنا ہے کہ یہ غیر حقیقی ہے کہ اقوامِ متحدہ مستقبل میں غزہ کا انتظام سنبھالے یا امن مشن دے۔ انتونیو گوئتریس نے میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اپنے عہدے کے7 سال میں کبھی اتنی ہلاکتیں اور تباہی نہیں دیکھی جتنی غزہ میں دیکھ رہے ہیں۔
اُنہوں نے غزہ میں ہلاکتوں اور تباہی کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوامِ متحدہ غزہ میں کسی بھی جنگ بندی کی نگرانی کے لیے تیار ہے، اسرائیل اور فلسطین کے تنازع کا دو ریاستی حل ناصرف قابلِ عمل بلکہ واحد حل ہے۔ سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ دو لوگ برابری یا باہمی حقوق کا احترام کیے بغیر ایک ساتھ رہ سکتے ہیں لہٰذا میری رائے میں مشرقِ وسطیٰ میں امن چاہتے ہیں تو دو ریاستی حل ضروری ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری جو بھی کہے یقینی طور پر وہ کرنے کو تیار ہوں گے، سوال یہ ہے کہ کیا فریقین اسے قبول کریں گے، کیا اسرائیل قبول کرے گا؟ اسرائیل شاید اقوامِ متحدہ کے کسی کردار کو قبول نہ کرے۔ انتونیو گوئتریس نے کہا کہ غزہ میں جن مصائب کا مشاہدہ کر رہے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی، دنیا مکمل طور پر انتشار اور افراتفری کا شکار ہے۔