گریٹر اسرائیلی نقشہ، عرب ممالک نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، اسرائیل بھی ہاتھ پائوں مارنے لگا
متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک نے اسرائیل کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شائع کیے گئے اس نام نہاد 'گریٹر اسرائیل' کے نقشے کی شدید مذمت کی ہے
سعودی عرب (مانیٹرنگ ڈیسک) سوشل میڈیا اکائونٹس پر گریٹر اسرائیلی نقشہ شائع ہونے کے بعد عرب ممالک نے خطرے کی گھنٹی بجا دی جس کے اسرائیل نے بھی ہاتھ پائوں مارنے شروع کر دیئے ہیں۔
انٹرنینشل میڈیا کے مطابق قطر، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک نے اسرائیل کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شائع کیے گئے اس نام نہاد ‘گریٹر اسرائیل’ کے نقشے کی شدید مذمت کی ہے، جس میں فلسطین، اردن، لبنان اور شام پر ”تاریخی علاقائی حقوق کا دعوی کیا گیا ہے۔
اسرائیل کی جانب سے یہ نقشہ ایک ایسے وقت پر شائع کیا گیا ہے، جب اسرائیلی حکومت میں شامل کٹر سوچ کے حامل وزرا مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینی علاقے کے دوبارہ مکمل الحاق اور غزہ پٹی میں دوبارہ اسرائیلی بستیوں کی تعمیر کی بات کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ مارچ 2023 میں انتہائی دائیں بازو کے اسرائیلی وزیر خزانہ بیزل اسموٹریچ پیرس میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران ‘گریٹر اسرائیل کے ایک نقشے کے ساتھ کھڑے ہوئے تھے، جس میں اردن کو ان کے ملک کا حصہ دکھایا گیا تھا۔ اس متنازعہ اسرائیلی نقشے کی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اشاعت نے بڑے پیمانے پر ردعمل کو جنم دیا ہے۔ متعدد عرب ممالک نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خطے کے ممالک اور عوام کے خلاف اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے اپنی ذمہ داری قبول کریں۔