انٹرنیشنل

یرغمالوں کی لاشیں ملنے کے بعد اسرائیل میں حکومت کے خلاف شدید احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا

مظاہروں میں جنگ بندی معاہدہ نہ ہونے کے سبب یرغمالوں کی واپسی میں ناکامی پر حکومت پر غم و غصے کا اظہار کیا گیا

تل ابیب(ویب ڈیسک) غزہ سے چھ یرغمالوں کی لاشیں ملنے کے بعد اسرائیل میں حکومت کے خلاف شدید احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ مظاہروں میں جنگ بندی معاہدہ نہ ہونے کے سبب یرغمالوں کی واپسی میں ناکامی پر حکومت پر غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل میں تل ابیب، یروشلم سمیت بیشتر بڑے شہروں میں احتجاج کیا گیا۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق یرغمالوں کی بازیابی کی مہم چلانے والی تنظیم ‘ہوسٹیج فیملی فورم’ کا کہنا تھا کہ تل ابیب میں ہونے والے احتجاج میں لگ بھگ تین لاکھ افراد نے شرکت کی ہے۔ احتجاج میں شریک مظاہرین وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو کی اتحادی حکومت سے مطالبہ کر رہے تھے کہ وہ فوری طور پر جنگ بندی معاہدہ کریں تاکہ باقی یرغمالوں کی موت سے قبل واپسی ممکن ہو سکے۔

احتجاج میں شریک افراد نے حکومت کی توجہ یرغمالوں کی زندہ واپسی کی جانب مبذول کرنے کے لیے چھ علامتی تابوت بھی اٹھائے ہوئے تھے۔ اسرائیلی اخبارکی رپورٹ کے مطابق تل ابیب میں احتجاجی ریلی اسرائیل کی فوج کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے نکالی گئی۔ مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اتوار کی شب ہونے والے احتجاج میں مختلف شہروں میں پانچ لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button