یوکرائن نے روس پر بچوں کے اغواء اور نسل کشی کا الزام عائد کر دیا
19 ہزار سے زائد یوکرینی بچوں کو زبردستی روس منتقل کیا جارہا ہے جن میں سے صرف 386 بچوں کو واپسی اپنے گھروں میں لایا گیا ہے: خاتون اول
کیف (مانیٹرنگ ڈیسک) یوکرین کی خاتون اول اولینا زیلنسکے نے روس کی جانب سے یوکرینی بچوں کو اغواء کرنے اور انہیں زبردستی روس لے جا کر نسل کشی کرنے کا الزام عائد کر دیا۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے یوکرین کی خاتون اول نے کہا کہ بیلاروس کے سرکاری میڈیا کی جانب سے تصاویر شیئر کی گئی ہیں جن میں درجنوں یوکرینی بچوں کو بیلاروس پہنچتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، یہ بچے روس کی جانب سے یوکرین کے قابض علاقوں سے بیلاروس پہنچ رہے ہیں۔خاتون اول نے کہا کہ 19 ہزار سے زائد یوکرینی بچوں کو زبردستی روس منتقل کیا جارہا ہے جن میں سے صرف 386 بچوں کو واپسی اپنے گھروں میں لایا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ روس بچوں کو کہہ رہا ہے کہ ان کے والدین اور ان کے ملک کو ان کی ضرورت نہیں ہے، کہا جارہا ہے کہ وہ اب یوکرین کے بچے نہیں بلکہ روسی بچے ہیں۔دوسری جانب یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بھی اسی حوالے سے کہا کہ روس بچوں کو اغوا کر کے نسل کشی کر رہا ہے جس کیلئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اظہار یکجہتی کی ضرورت ہے۔