دلچسپ و عجیب

فلک بوس عمارت کی چھت پر ’وائٹ ہاؤس‘ بنا لیا گیا

امیرترین شخص نے ایک بلند بالا عمارت کے اوپر بالکل وائٹ ہاؤس جیسا پینٹ ہاؤس بنایا ہے جو ہرطرح سے عالیشان اور پرتعیش ہے

بھارت کے امیرترین شخص نے ایک بلند بالاعمارت کی چھت پروائٹ ہاؤس جیسا پینٹ ہاؤس بنایا ہے جوہرطرح سے عالیشان اورپرتعیش ہے۔ وجے مالیا بھارت کے انتہائی امیر افراد میں شامل ہیں جو بڑے گروپ کے سربراہ ہیں۔ دس سال قبل انہوں نے بنگلورکی فلک بوس عمارت کنگ فشر ٹاورکی چھت پرہوبہو وائٹ ہاؤس جیسی شاندارعمارت تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا  اوراب یہ حقیقت بن چکا ہے۔

king fisher 1

کنگ فشر ٹاور کی 33 ویں اور 34ویں منزل پر اسکائی مینشن کے نام سے یہ شاندار وائٹ ہاؤس نما محل بنایا گیا ہے۔ 40 ہزار مربع میٹر وسیع اس محل میں شراب خانہ، ان ڈور گرم سوئمنگ پول، باہر بڑا سوئمنگ پول، جنمازیم، سیلون، کئی بیڈروم کا شاندار گھر اور اس کے اوپر ہیلی پیڈ بھی بنایا گیا ہے۔

تاہم وجے مالیا نے یہ عمارت برطانیہ میں رہتے ہوئے بنوائی تھی اور ان پربینکوں اور دیگر اداروں سے خطیر رقم لینے اور واپس نہ دینے کا الزام عائد کیا گیا۔ اس دوران بھارتی حکومت نےانہیں برطانیہ سے گرفتار کرنے کی کوشش بھی کی اور اب تک وہ اس عالی شان وائٹ ہاؤس کی ایک جھلک بھی نہیں دیکھ سکے ہیں۔

اب بعض حلقوں کا دعویٰ ہے کہ حکومت اس دیسی وائٹ ہاؤس کو اپنی تحویل میں رکھ کر اسے نیلام کرنے کے بعد اس رقم کو مجاز بینکوں تک واپس پہنچائے گی۔ دوسری جانب وائٹ ہاؤس کا بیرونی حصہ مکمل ہوچکا ہے جبکہ اندرونی حصے کی تزئین و آرائش باقی ہے۔ اب تک اس پر دو کروڑ ڈالر کی رقم خرچ ہوچکی ہے۔

Tags
Back to top button
Close