دلچسپ و عجیب

160 مربع فٹ پر محیط انوکھا غسل خانہ، 88 ہزار ماہانہ کرایے پر دستیاب

غسل خانے میں ایک آرام دہ بستر جس کے نچلے حصے میں درازیں اور بستر سے کچھ فاصلے پر نہانے دھونے اور رفع حاجت کی جگہ بھی بنائی گئی ہے

یہ دنیا کا مہنگا ترین غسل خانہ تو نہیں لیکن 160 مربع فٹ والے اس باتھ روم میں رہنے کا ماہانہ کرایہ صرف 680 کینیڈین ڈالر (تقریبا 88 ہزار پاکستانی روپے)مقرر کیا گیا تھا۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق، کینیڈا کے شہر وینکوور میں بنائے گئے اس باتھ روم کا اشتہار پچھلے مہینے کریگ لسٹ پر دیا گیا تھا، جو ایک بین الاقوامی کلاسیفائیڈ ویب سائٹ ہے۔ اگرچہ یہ اشتہار چند روز بعد ہی وہاں سے ہٹا لیا گیا لیکن اسی دوران وینکوور اِز آسم نامی بلاگ نے اس بارے میں مضمون بھی شائع کردیا اور اس طرح یہ غسل خانہ سوشل میڈیا پر مقبول ہوگیا۔ مذکورہ بلاگ میں اس غسل خانے کی اندرونی تصاویر بھی دی گئی ہیں جن میں ایک آرام دہ بستر بھی دیکھا جاسکتا ہے جس کے نچلے حصے میں درازیں موجود ہیں۔ بستر سے کچھ فاصلے پر نہانے دھونے اور رفع حاجت کی جگہ بھی نظر آرہی ہے جو بلاشبہ بہت صاف ستھری ہے۔

سفید ماربل ٹائلوں سے بنایا ہوا یہ باتھ روم واقعتا سادگی، خوبصورتی اور اچھوتے پن کا مجموعہ ہے۔ لیکن کیا یہ واقعی اس قابل ہے کہ یہاں رہنے کا ماہانہ کرایہ 680 ڈالریعنی 88 ہزار روپے دیا جائے؟ پاکستان میں اتنے کرائے پر کہیں کشادہ اور بہتر خصوصیات والا پورا فلیٹ مل جاتا ہے۔ اس لیے کم از کم یہ باتھ روم ہم پاکستانیوں کو تو متوجہ کرنے کے لئے ناکافی ہے۔ رہا سوال سوشل میڈیا کا، تو وہاں ایسی چیزیں بہت آسانی سے مقبول ہوجاتی ہیں جو عام ڈگر سے ہٹ کر ہوں اور جن میں دلچسپی کا کوئی عنصر بھی موجود ہو۔ یہ باتھ روم بھی اسی طرح کا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.