شوبز

Drama Review …پہلی قسط نے دل جیت لئے

مومنہ اینڈ درید پروڈکشن کے بینر تلے بننے والے ہم ٹی وی کے نئے ڈرامہ سیریل ”کشف“ کی پہلی ہی قسط نے ناظرین کے دل جیت لئے۔

اس ڈرامے کی کہانی عمران نذیر نے تحریر کی ہے جبکہ ڈائریکٹر دانش نواز ہیں۔ سیریل کے مرکزی کرداروں میں حرا مانی ‘ جنید خان‘وسیم عباس ‘ منزہ عارف ‘ ہاجرہ خان ‘ ثمینہ احمد ‘ سلیم معراج ‘ سجیر الدین ‘ لبنیٰ اسلم‘ عامر قریشی ‘سبینہ فاروق،مریم نور شیخ اور دیگرشامل ہیں۔


سیریل کی کہانی کشف( حرا مانی) کے گرد گھومتی ہے جو امتیاز (وسیم عباس) کی بڑی صاحبزادی ہیں۔ امتیاز ایک انتہائی متکبر ‘بدتمیز اوربد دماغ شخص ہے جو بغیر کسی محنت کے امیر بننے کے خواب دیکھتا ہے ۔ اپنے والد اور بہنوں کے مقابلے میں کشف ایک حقیقت پسند لڑکی ہے لیکن وہ ڈراﺅنے خوابوں کی قیدی رہتی ہے۔ جلد ہی وہ اس حقیقت کو جان لیتی کہ وہ صرف اس کے خواب ہی نہیں ہیں بلکہ مختلف لوگوں کے ساتھ مستقبل میں واقع ہونے والے واقعات ہیں۔صورتحال اس وقت تبدیل ہوجاتی ہے جب کشف اپنی دوست کوایک غلط شخص سے شادی کرنے سے روک لیتی ہے اور جلد ہی یہ بات پھیل جاتی ہے کہ کشف کے منہ سے نکلی ہر بات سچ ثابت ہوتی ہے۔اس کے بعد کہانی ایک غیر متوقع مگر انتہائی دلچسپ موڑ لے لیتی ہے جہاں کچھ لوگ کشف کو ایک نعمت سمجھتے ہیں جو ان کے مصائب کا حل نکال سکتی ہے جبکہ دیگر لوگ اسے منحوس سمجھتے ہیں جس کی کالی زبان سے نکلی ہر بات سچ ہوجاتی ہے۔

ڈرامے کی پہلی قسط بہت زیادہ پسند کی گئی کیونکہ ناظرین کافی عرصہ سے ٹیزر دیکھ کر بے چینی سے اس کا انتظار کررہے تھے۔پہلی قسط میں کہانی ابھی پوری تو سامنے نہیں آئی البتہ بہت سی چیزیں سامنے ضرور آئیں جن میں یہ بھی دکھایا گیا کہ  حرا مانی اور جنید خان ایک دوسرے سے بہت پیار کرتے ہیں اور ان کی منگنی بھی ہوچکی ہے۔

سیریل کے ڈائریکٹر دانش نواز اس سے پہلے بھی کئی شاندار پراجیکٹ کرچکے ہیں جس کی وجہ سے ناظرین نے ان سے اچھی توقعات وابستہ کرلی ہیں۔


یہ ڈرامہ سیریل منگل کی شب 8 بجے نشرکیا جاتا ہے۔

Tags
Back to top button
Close