شوبز

ہم ٹی وی کی نان اسٹاپ انٹرٹینمنٹ ٹرین چل پڑی

اپنی روایت اور ناظرین کو معیاری تفریح فراہم کرنے کی وابستگی کو جاری رکھتے ہوئے‘ پاکستان کے معروف تفریحی ٹی وی چینل ہم ٹی وی نے اپنی عید اسپیشل ٹرانسمیشن 2020 کا اعلان کیا۔”ہم نے کہا عید مبارک“ کے نعرے کے تحت پیش کی جانے والی اس خصوصی ٹرانسمیشن میں ایسے مختلف النوع پروگرام پیش کئے جائیں گے جو عید کی چھٹیوں میں ناظرین کو بھرپور انداز میں محظوظ کریں گے۔عید اسپیشل مارننگ شوز اور ٹاک شوز سے لے کر ٹیلی فلموں اور سٹ کام تک‘ پاکستانی بلاک بسٹر فلموں‘میگا ایوارڈز سمیت ”ہم نے کہا عید مبارک“ میں ہر ایک کے لئے کچھ نہ کچھ تفریحی پیکج موجود ہے۔


تین روزہ ٹرانسمیشن میں انتہائی دلچسپ اور دلکش میزبان شیفا یوسفزئی اور اویس منگل والا کے ساتھ اُن کے پروگرام ”صبح سے آگے“ میں ناظرین کی پسندیدہ مشہور شخصیات کو مدعو کیا جائے گا۔ ناظرین یہ پروگرام ہم نیوز اور ہم ٹی و ی پر براہ راست اور بیک وقت دیکھ سکیں گے۔”آفٹرمون شو“کے خصوصی شو میں مایا علی اور عثمان خالد بٹ دوپہر 12بجے ناظرین کے سامنے ہوں گے۔ٹیلی فلم ”بکروں کا رابن ہڈ“دوپہر ایک بجے پیش کی جائے گی جس کے بعد ناظرین عاصم اظہر اور ہانیا عامر کی”پیار کہانی“ دیکھ سکیں گے۔ناظرین کو عید کے پہلے دن عید اسپیشل ٹیلی فلم ”ڈاکٹر بلما“بھی دکھائی جائے گی جس کے مرکزی کرداروں میں علی سفینہ اور کومل عزیز شامل ہیں۔عید کے پہلے دن کی تفریح کا اختتام سپر ہٹ پاکستانی فلم ”پرواز ہے جنون“کے ورلڈ ٹیلی ویژن پریمیئر کے ساتھ ہوگا جس میں ورسٹائل حمزہ علی عباسی‘ ہانیہ عامر اور احد رضا میر نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔


اس ٹرانسمیشن کے دوسرے روزدن کے ایک بجے ناظرین قہقہوں سے بھرپور ٹیلی فلم ”دلناز نصیب والی“دیکھ سکیں گے جس میں ہر دلعزیز فنکارہ بشری انصاری اور اشرف خان شامل ہیں۔ عید الاضحی کی خصوصی ٹیلی فلم ”لکی کبوتر“ شام7بجے ناظرین کیلئے پیش کی جائے گی جس کے مرکزی ستاروں میں میکال ذوالفقار اور اشنا شاہ شامل ہیں۔بعد ازاں پاکستان کے سب سے بڑے برائیڈل ایکسٹرا ویگنزا”برائیڈل کیٹیور ویک“کا ایک اسپیشل پیکج نشر کیا جائے گا۔شب کا اختتام پاکستان کے سب سے معتبر ٹیلی ویژن ایوارڈ شو”ہم ایوارڈ شو2019“پر ہوگا۔
عید اسپیشل ٹرانسمیشن کے تیسرے اور آخری دن دوپہر 12بجے یاسر حسین اپنے خصوصی پروگرام ’’دی آفٹر مون شو“ میں بہنوں کی فنکار جوڑی ایمل اور منال کے ہمراہ جلوہ گر ہوں گے بعد ازاں حنا دل پذیر اور سیف حسن ”نین تارہ“ کے ذریعے دوپہر ایک بجے ناظرین کے گھروں میں براجمان ہوں گے۔دلکش اداکارہ ماہرہ خان اور شہریار منور صدیقی کی فلم ”7دن محبت ان“ شام پانچ بجے پیش کی جائے گی۔عید الاضحی کی خصوصی ٹیلی فلم ”لڈو کی لاڈی“شب8بجے پیش کی  جاے گی۔

Tags
Back to top button
Close