شوبز

شمیم آرا کو بچھڑے 4 سال بیت گئے

اداکارہ اور ہدایت کارہ شمیم کو اپنے چاہنے والوں سے بچھڑے 4 سال بیت گئے، تاہم ان کی یادیں آج بھی دِلوں میں تازہ ہیں۔

1938 میں علی گڑھ میں پیدا ہونے والی شمیم آرا کا اصل نام پتلی بائی تھا، لیکن فلمی ضرورت کے تحت نام بدل کر اسے شمیم آرا کر دیا گیا تھا۔ تقسیمِ برصغیر کے بعد ان کا خاندان کراچی منتقل ہو گیا تھا۔ان کی پہلی فلم ’کنواری بیوہ تھی‘ جسے باکس آفس پر کچھ خاص کامیابی حاصل نہیں ہو سکی، البتہ لوگوں کو ایک نئی اداکارہ کا انداز بھا گیا۔ اس کے بعد انہیں مختلف قسم کے کردار ملتے رہے۔

بالآخر 1960 میں شمیم آرا نے فلم ’سہیلی‘ میں نگار ایوارڈ حاصل کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا۔ اس کے بعد انھوں نے 80 سے زیادہ فلموں میں کام کیا جن میں پاکستان کی پہلی رنگین فلم ’نائلہ‘ بھی شامل ہے۔شمیم آرا کی مقبول فلموں میں دیوداس، صاعقہ، لاکھوں میں ایک، انارکلی، چنگاری، فرنگی، دوراہا، منڈا بگڑا جائے وغیرہ شامل ہیں۔وحید مراد کے ساتھ ان کی جوڑی کو شائقینِ فلم میں بیحد پذیرائی ملی۔ فلم ’قیدی‘ میں فیض احمد فیض کی مشہور نظم ’مجھ سے پہلی سی محبت میرے محبوب نہ مانگ‘ انہی پر فلمائی گئی تھی جسے بے حد مقبولیت حاصل ہوئی۔

شمیم آرا طویل علالت کے بعد 5 اگست 2016 کو لندن میں 78 برس کی عمر میں خالقِ حقیقی سے جا ملیں اور اپنے لا تعداد مداحوں کو سو گوار چھوڑ گئیں۔

Back to top button