شوبز

ترک اداکارپاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پرغمگین

عبدالرحمن غازی کا کردارکرنےوالےتُرک اداکار جلال نےبارش کےبعد پیدا ہونےوالی صورتحال پراظہار ہمدردی کیا

اسلامی فتوحات پر مبنی مشہور و مقبول تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں عبدالرحمن غازی کا کردارادا کرنے والے تُرک اداکار جلال نے کراچی اور لاہور میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پراظہار ہمدردی کیا ہے۔ سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اسٹوری میں انہوں نے کراچی سمیت پورے پاکستان میں سیلابی صورتحال سے دوچار لوگوں کیلئے دعا کرتے ہوئے لکھا کہ بارش کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے بےشمار دعائیں کی جارہی ہیں۔

انہوں نے اردو میں پیغام لکھتے ہوئے کہا کہ ’سیلاب کی تباہ کاریوں پر پاکستانی قوم سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔‘ انہوں نے لکھا کہ ’اس مشکل گھڑی میں سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے اللّٰہ سے مغفرت کی دعا کرتے ہیں۔‘ تُرک اداکار نے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری دعائیں اور ہمدردیاں پاکستانیوں کے ساتھ ہیں۔‘

پاکستان میں ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کی غیر معمولی مقبولیت کے بعد سے ہی تُرک اداکاروں کی جانب سے مختلف مواقعوں پر پاکستانیوں کیلئے پیغامات شیئر کئے جاتے ہیں۔ پی آئی اے کے جہاز کا حادثہ ہو، عید کا موقع ہو یا پاکستان کا یومِ آزادی تقریباً ہر تہوار اور دُکھ کی گھڑی میں پاکستانیوں کیلئے پیغامات شیئر کئے جاتے ہیں۔

Back to top button