شوبز

کراچی آرٹس کونسل ؛ 18روزہ عوامی تھیٹر فیسٹیول منعقد کرنے کا اعلان

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ثقافتی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے عوامی تھیٹر فیسٹیول کی تاریخ کا اعلان کردیا۔

پہلا ”عوامی تھیٹر فیسٹیول“ 18 ستمبر 2020ء کو رات 8 بجے پیش کیا جائے گا۔صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کراچی آرٹس کونسل میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”عوامی تھیٹر فیسٹیول“ کے ڈراموں میں دکھایا جائے گا کہ پاکستان کو کیسا ہونا چاہیے، تمام زبانوں کے بولنے والوں کو اکٹھا کرنے کوشش کی ہے، پچھلی مرتبہ بھی تمام فیملی ڈرامے تھے جس کو خوب پذیرائی ملی۔

اس موقع پر معروف اداکار طلعت حسین نے کہا کہ انگلستان، روس اور فرانس تک آرٹس کونسل کے چرچے ہیں، احمد شاہ نے چند سالوں میں آرٹس کونسل کے لیے جو کام کیا وہ سب کے سامنے ہے، ہمیں اور آپ لوگوں کو مل کر آرٹس کونسل کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔

سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز احمد فاروقی نے کہا کہ آرٹس کونسل آرٹسٹوں کے دم سے ہے۔ ”عوامی تھیٹر فیسٹیول”18 ستمبر کو شروع ہوگا اور 4 اکتوبر 2020ء تک جاری رہے گا، جس میں ممبران کا داخلہ فری ہوگا۔

ڈرامہ کے ڈائریکٹرز میں شکیل صدیقی، رؤف لالہ، پرویز صدیقی، ذاکر مستانہ، شکیل شاہ، نذر حسین، زاہد شاہ، آدم راٹھور، الیاس ندیم، حمید راٹھور، الطاف سومرو، عابد نوید، جمیل راہی، آفتاب کامدار، ظہور ملک، محمد علی نقوی، ریاض مخدوم، عرفان ملک اور علی حسن بھی اس کا حصہ ہیں۔

ڈرامہ روزانہ شب 8 بجے اوپن ایئرتھیٹر میں ہوگا۔

Back to top button