شوبز

ملائکہ اروڑا کورونا ویکسین کی دستیابی کیلئے بےچین

کورونا میں مبتلا بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کو بھی کورونا ویکسین کا بےصبری سے انتظار ہے

عالمگیر وبا کورونا میں مبتلا بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ملائکہ اروڑا کو بھی کورونا ویکسین کا بےصبری سے انتظار ہے۔ کورونا کی تشخیص کے بعد از خود تنہائی اختیار کئے بھارتی اداکارہ وقت گزاری کیلئے سوشل میڈیا کا استعمال کررہی ہیں۔ اپنے ایک سوشل میڈیا پیغام میں انہوں نے لکھا کہ ’کوئی ویکسین نکال دو بھائی، ورنہ جوانی نکل جائے گی۔‘ اداکارہ گاہے بگاہے قرنطینہ کے بوریت بھرے وقت کو مداحوں سے شیئر کر رہی ہیں، ممکن ہے کہ ملائکہ کورونا ٹیسٹ منفی آنے تک گھر ہی میں رہیں گی اور کسی سے نہیں ملیں گی۔ ملائکہ اروڑا نے تو یہ پوسٹ مزاحیہ انداز میں کہی لیکن دنیا بھر میں لاکھوں افرادکورونا ویکسین کی تیاری اور دستیابی کے منتظر ہیں۔

بالی وڈ میگا اسٹارامیتابھ بچن، ابھیشیک بچن، ایشوریا رائےاوران کی بیٹی آرادھیا کورونا میں مبتلا ہوئی تھیں جب کہ بالی وڈ سپر اسٹار دلیپ کمار کے دو بھائی کورونا کے باعث انتقال کر چکے ہیں۔ بھارت میں شوبز اور سیاست سمیت ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ عالمگیر وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔ خیال رہے کہ دنیا بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس کے وار اب تک جاری ہیں، جس سے ناصرف مریضوں میں بلکہ اس سے اموات میں بھی ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔ بھارت میں مسلسل پانچویں روز 90 ہزار سے زیادہ کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ خبر ایجنسی کے مطابق بھارت میں 90 ہزار نئے کورونا کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مریضوں کی تعداد 47 لاکھ 65 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ ہلاکتیں 79 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہیں۔

Back to top button