شوبز

جگن کاظم کے ہاں بیٹی کی پیدائش

جگن کاظم نےبتایا کہ اُنہوں نےاپنی ننھی پری کا نام’سیدہ نوربانونقوی‘رکھا ہے

پاکستان شوبزانڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ ومیزبان جگن کاظم کےگھربیٹی کی پیدائش ہوئی ہے جس کی اطلاع اُنہوں نے اپنے مداحوں کو سوشل میڈیا کےذریعےدی ہے۔ جگن کاظم نےاپنی خوشی اپنےتمام چاہنے والوں کےساتھ بانٹتے ہوئے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر ایک خوبصورت تصویرپوسٹ کی ہےجس میں اداکارہ نےاپنی بیٹی کا ننھا سا ہاتھ تھاما ہوا ہے۔ انسٹاگرام پر تصویر پوسٹ کرتے ہوئے جگن کاظم نے اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اداکارہ کے لیے دُعائیہ پیغامات جاری کیے تھے۔ جگن کاظم نے بتایا کہ اُنہوں نے اپنی ننھی پری کا نام ’سیدہ نور بانو نقوی‘ رکھا ہے جبکہ اُن کی بیٹی کی پیدائش دو روز قبل یعنی 9 اکتوبر کو ہوئی تھی تاہم اُنہوں نے یہ خبر آج دی ہے۔

اداکارہ نے صرف دو گھنٹے قبل ہی انسٹاگرام پر یہ تصویر پوسٹ کی ہے جسے اب تک 17ہزار سے زائد صارفین لائک کرچکے ہیں جبکہ مداحوں کی جانب سے اداکارہ اور اُن کی بیٹی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جارہا ہے۔ خیا ل رہے کہ جگن کاظم نے اپنے یوٹیوب چینل پر مداحوں کو یہ خبر پہلے ہی دے دی تھی کہ اس بار اُن کے ہاں بیٹی کی پیدائش متوقع ہے۔ 40 سالہ جگن پہلی شادی ناکام ہونے کے بعد 27 جون 2013 کو فیصل سے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئیں جن سے ان کے دو بیٹے ہیں۔

Back to top button