شوبز

الحمرا آرٹس کونسل میں اسم ِمحمد ؐ پر مبنی نمائش کا آغاز

ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا ثمن رائے نے کہا ہے کہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ واسلم کے اسماء حسنہ پر مبنی نمائش میں آویزاں فن پارے پرُنور فضاء کا منظر پیش کر رہے ہیں،ان کو دیکھ کر ایمان تازہ ہو جاتا ہے۔ہماری دنیا و آخرت کی کامیابی کا انحصار اسوہ حسنہ پر عمل کرنے میں مضمر ہے، 12الحمرا میں عید میلاد النبیؐ کی مناسبت سے نمائش میں آرٹسٹوں نے مثالی کام پیش کیا ہے،ربیع الاوٌل کے موقع پر اس نیک کاوش کو لوگوں کی بڑی تعدا د پسند کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے نمائش کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے الحمرا قوالیاں اور نعت شریف بھی ریلیز کر رہا ہے۔تقریب سے نامور آرٹسٹ خورشید عالم،عرفان قریشی، ذوالفقار علی زلفی و دیگران نے بھی اظہار خیال کیا۔قبل ازاں ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا ء ثمن رائے،نامور آرٹسٹ خورشید عالم،عرفان قریشی نے الحمرا آرٹس کونسل میں اسم ِمحمد ؐ پر مبنی عالیشان نمائش کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر ذوالفقار علی زلفی،ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن آفتاب احمد انصاری ودیگرافسران بھی موجود تھے۔نمائش میں ملک بھر 70آرٹسٹوں کے 100سے زائد فن پارے آویزاں کئے گئے ہیں،نمائش 8نومبر تک جاری رہے گی۔

Back to top button