شوبز

یو ٹیوب پر بڑا اعزاز ملنے پر راحت فتح علی خان پرستاروں کے مشکور

یُو ٹیوب پر 50 لاکھ سبسکرائبرز مکمل ہونے پر استادِ راحت فتح علی خان نے کیک کاٹا اور تمام مداحوں کا شکریہ ادا کیا، راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ ہمارا سارا خاندان موسیقی سے عشق کرتا ہے۔

 راحت فتح علی خان نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا ہے، استاد راحت فتح علی خان پہلے پاکستانی فن کار بن گئے ہیں جن کے یُو ٹیوب پر 50 لاکھ سبسکرائبرز ہیں جبکہ بھارت میں وہ اس دوڑ میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ سُروں کے سلطان، استاد راحت فتح علی خان کو اس سے قبل موسیقی کے شعبے میں آکسفورڈ یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری ملنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

50 لاکھ سبسکرائبرز مکمل ہونے کے موقع پر انہوں نے اپنے اسٹوڈیو میں کیک کاٹا،  اس بارے میں اُن کا کہنا ہے کہ میں اپنی کامیابیوں کو اپنے خاندان اور ٹیم کے نام کرتا ہوں اور اس میں سلمان احمد کی کاوشیں بھی شامل ہیں۔ وہ نئی نسل کے بھی بے حد مشکور ہیں جو سوشل میڈیا پر اُن گیتوں کو شہرت اور مقبولت کے آسمان پر پہنچا دیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی ہے کہ یوٹیوب پر میرے چینل کے 50 لاکھ سبسکرائب ہوگئے ہیں۔‘

اس موقع پر اپنے استاد کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ استاد نصرت فتح علی خان عظیم پاکستانی قوال، موسیقار اور گلوکار تھے۔ میرے والد فرخ علی خان اور تایا مبارک علی خان اپنے وقت کے مشہور قوال تھے۔

Back to top button