شوبز

"شہرت کے لئے بڑی قربانی دینا پڑتی ہے”۔۔۔۔ معروف اداکارہ اور ٹک ٹاکر ایمن زمان خان کے کامیاب سفر کی دلچسپ کہانی

ایمن زمان خان ان دنوں شوبز کے تمام شعبوں میں کامیابی سے کام کررہی ہیں لیکن اداکاری کے علاوہ انہیں اس دور کی مقبول ترین ایپ”ٹک ٹاک“ پر بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے جہاں ان کے فالوورز کی تعداد3.4ملین ہے۔ایمن زمان خان کی کامیابی کا سفر نہایت دلچسپ اور دشوار گزار ہے کیونکہ ایک دور وہ بھی تھا جب انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ اس شعبے میں جائیں گی۔ ہر بچے کی طرح انہوں نے بھی اپنے مستقبل بارے آنکھوں میں طرح طرح کے سپنے سجائے ہوئے تھے۔وہ ڈاکٹر بننے کی خواہش مند تھیں لیکن چھوٹی عمر میں ہی انہیں والدین کی علیٰحدگی کا دکھ جھیلنا پڑا اور یہی وہ وقت تھا جب ان کے تمام سپنے ٹوٹ کر رہ گئے کیونکہ اپنے ساتھ ساتھ انہیں اپنی والدہ کا بھی خیال رکھنا تھا۔ایمن زمان خا ں کو اپنی تعلیم ادھوری چھوڑ کر ملازمت کے لئے گھر سے باہر نکلنا پڑا۔ کئی جگہ پر چھوٹی موٹی ملازمت کرنے کے بعد وہ آخر کار اچانک شوبز کی دنیا میں قدم رکھنے میں کامیاب ہوگئیں جہاں انہیں دن رات ایک کرکے محنت کرنا پڑی۔ایمن زمان خان کی بقیہ کہانی انہی کی زبانی سنتے ہیں۔

گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے ایمن زمان خان نے بتایا کہ میرا بچپن بہت مشکل سے گزرا کیونکہ چھوٹی عمر میں ہی والدین کے درمیان علیٰحدگی ہوگئی اس لئے وہ تمام چیزیں جو ایک بچے کے لئے ضروری ہوتی ہیں وہ مجھے نہیں ملیں۔ سنگل مدر کے ساتھ گزارہ کرنا کس قدر مشکل ہوتا ہے یہ میں ہی جانتی ہوں۔ہمارا کوئی ذریعہ آمدنی نہیں تھا اس لئے مجھے ہی گھر سے باہر نکلنا تھا۔بہت کوششوں کے بعد مجھے ایک بنک میں چھوٹی سے جاب مل گئی جہاں تنخواہ بہت کم تھی اس لئے زیادہ عرصہ اسے جاری نہ رکھ سکی۔اس کے بعد میں نے ہائپر سٹار پر جاب کرلی اور وہیں سے ہی میری قسمت نے پلٹا کھایا اور میرے نئے سفر کا آغاز ہوا۔گھریلو حالات کی وجہ سے تعلیم بھی انٹر تک حاصل کرپائی۔ کسی نے مجھے ہائپر سٹار پر ہی دیکھ کر رابطہ کیا تھا۔ مجھے سب سے پہلے پروڈکشن ہاؤس ”آئی ڈریم“ سے کال آئی تھی۔جب اداکاری کی پیشکش ہوئی تو یہ میرے لئے بہت ہی حیران اور پریشان کن بات تھی کیونکہ یہ بات تو میرے وہم وگمان میں بھی نہ تھی لیکن میں تیار ہوگئی اور یوں میرے سفر کا آغاز ہوگیا۔

میرا آغاز ڈرامے سے ہی تھا اور میرا سب سے پہلا ڈرامہ جواردو ون سے نشر ہوا تھا اس کا نام”ملی“ تھا جس کی کاسٹ میں اظفر رحمن سمیت نامور فنکار تھے اور اس کے ڈائریکٹر فہیم برنی تھے۔ اس کے بعد میں کئی ڈراموں میں کام کیا لیکن کچھ عرصہ پہلے اختتام پزیر ہونے والے سیریل”تمنا“ کا رسپانس نہایت شاندار انداز سے ملا جس میں میرا کردار منفی تھا اور میرے کردار کا نام بھی ایمن ہی تھا۔ڈرامہ شروع ہونے سے پہلے سکرپٹ میں میرے کردار کا نام کچھ اور تھا لیکن جب ریکارڈنگ شروع ہونے لگی تو ڈائریکٹر نے کہا کہ اس کردار کا نام ایمن ہونا چاہیئے۔اس سیریل میں مجھے اسامہ خان جیسے نوجوان اور شبیر جان جیسے سینئر اداکار کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا جن سے میں نے بہت کچھ سیکھا بلکہ میری خواہش ہے کہ میں شبیر جان کے ساتھ دوبارہ کام کروں۔

؎

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ویسے تو بہت سے لوگوں نے میری مدد کی لیکن ان میں جو نام سرفہرست ہے وہ پروڈیوسر انیس خان کا جنہوں نے سب سے زیادہ میری مدد کی اور میرے کیرئر کو آگے بڑھانے میں اہم کردار کیا۔ انہوں نے مجھے اپنے مشہور پروگرام”باکس آفس“ کی میزبانی کا موقع بھی دیا جو پی ٹی وی سے نشر ہوتا ہے۔ اس پروگرام سے میرے کیرئر کوبہت فائدہ پہنچا۔ٹی وی کے علاوہ میں محب مرزا می ڈائریکشن میں بننے والی فلم”عشرت،میڈ ان چائنہ“میں بھی کام کررہی ہوں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ کیرئر کے شروع میں مجھے بہت سی مشکلات کا سامنا بھی رہا اور ایک مشہور شخص نے مجھے جنسی طور پر ہراساں کرنے کی کوشش کی لیکن اسے کامیابی نہیں ملی۔میں اس شخص کا نام فی الوقت سامنے نہیں لانا چاہتی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ مجھے دوسروں کو دیکھ دیکھ ہی ٹک ٹاک بنانے کا شوق پیدا ہوا اور میں یہ دیکھ کر حیران رہ گئی کہ ٹک ٹاک پر مجھے کتنی جلدی مقبولیت ملی۔ٹک ٹاک کی وجہ سے میری ملاقات مجتبیٰ لاکھانی جیسے انسان سے ہوئی، چھ سال پہلے ہماری بات پہلے فیس بک پر ہوئی تھی لیکن جلد ہی ہماری دوستی ہوگئی اور پھر ایک وقت ایسا بھی آیا کہ جب ہم نے ایک ساتھ ہی ٹک ٹاک بنانا شروع کردیں تو لوگوں نے ہماری جوڑی بہت پسند کی اور شاید یہی وجہ ہے کہ ہم دونوں نے حقیقی زندگی میں بھی جوڑی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اکثر لوگ ہم سے شادی کے بارے سوال کرتے ہیں۔نہ صرف ہم دونوں ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں بلکہ شادی کا فیصلہ بھی کرچکے ہیں جس میں فیملی کی مشاورت بھی ہے۔بہت جلد ہماری باقاعدہ منگنی ہونے والی ہے جس کے بعد اس رشتے کو ایک نام مل جائے گا۔

ایمن زمان خان نے مزید بتایا کہ میری اصل تاریخ پیدائش18اگست1997 ہے لیکن انٹرنیٹ پر میری تاریخ پیدائش غلط درج ہے۔اکثرلوگ غلط تاریخ پر مجھے سالگرہ کی مبارک دے رہے ہوتے ہیں۔ایمن نے مزید بتایا کہ سیرو سیاحت میرا بہترین مشغلہ ہے اور جب بھی وقت ملتا ہے ملک کے مختلف علاقوں میں چلی جاتی ہوں۔

 

Back to top button