شوبز

بجلی کے بریک ڈاؤن پرفنکاروں کے طنزیہ وار

کچھ فنکاروں نے اس صورتحال پر مزاحیہ ٹوئٹس کیں جب کہ کچھ پریشان نظر آئے

پاکستان میں اچانک ہونے والے بجلی کے بریک ڈاؤن نے پورے ملک کو تشویش میں ڈال دیا ۔ جہاں لوگ اچانک پورے ملک سے بجلی غائب ہونے پر خوفزدہ نظر آئے۔ وہیں بہت سے لوگوں کی جانب سے  اس صورتحال پر کئی مزاحیہ ٹوئٹس بھی کی گئیں۔ فنکار بھی اس موقع پر پیچھے نہیں رہے۔ کچھ فنکاروں نے اس صورتحال پرمزاحیہ ٹوئٹس کیں جب کہ کچھ پریشان نظر آئے۔

اداکارہ زارا نور عباس نے ملک بھر سے بجلی غائب ہونے پر ٹوئٹ کیا ’’چلو جی میرا بگ باس کا ایپی سوڈ بھی ڈاؤن لوڈ نہیں ہورہا اس نیٹ ورک پر۔ وائے فائے بھی نہیں آج ایویکشن ڈے تھا یار۔ ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی آئی فون کی بیٹری بھی ختم ہوگئی‘‘۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے بلیک آؤٹ کا ہیش ٹیگ استعمال کیا۔

اداکار نور حسن نے پاکستان کی صورتحال پر بننے والی ایک مزاحیہ میم انسٹاگرام پر شیئر کرائی جس میں لکھا تھا ’’پاکستان صحیح سے چل نہیں رہا تھا واپڈا نے سوچا آف کرکے آن کرتے ہیں‘‘۔

گلوکارہ مومنہ مستحسن نے طنزیہ ٹوئٹ کیا ’’ہمارے تاروں میں پیدا ہونے والی خرابی‘‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے تمام لوگوں کے محفوظ ہونے کی امید کی اور بلیک آؤٹ اور الیکٹرسٹی کے ہیش ٹیگ استعمال کئے۔

مارننگ شو کی میزبان ڈاکٹر شائستہ لودھی نے بجلی کے بلیک آؤٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسپتالوں میں زندگی اور موت کی جنگ لڑرہے مریضوں کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔

 

متعلقہ خبریں