شوبز

"برائیڈل کٹیور ویک میں حارث شکیل پر ڈیزائن چوری کرنے کا الزام”۔۔۔تنازع شدت اختیار کر گیا

لاہور میں منعقد ہونے والے برائیڈل کٹیور ویک میں  حارث شکیل پر فرح طالب کا ڈیزائن چوری کرنے کا الزام سامنے آیا ہے جس کے بعد تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔

برائیڈل کٹیور ویک کے دوران جب ڈیزائنر حارث شکیل نے اپنا خوبصورت کلیکشن ’’غزل‘‘ پیش کیا تو ملک کی ایک اور معروف ڈیزائنر فرح طالب عزیز نے حارث شکیل پر ان کے ڈیزائنز چوری کرنے کا الزام لگایا۔فرح طالب عزیز کے مطابق فیشن شو کے دوران ماڈل سنیتا مارشل کے ذریعے پیش کیے گئے لباس کا ڈیزائن ان کے ڈیزائن کی واضح نقل ہے۔ انہوں نے ڈیزائنر حارث شکیل سے چند سوالات پوچھے جس کے اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر وائرل ہورہے ہیں۔

انتظامیہ نے ڈیزائنر حارث شکیل سے پوچھا اگر آپ خود کو ڈیزائنر کہتے ہیں تو نقل کرنے کے بجائے اپنے ڈیزائنز کیوں نہیں بناتے؟ کیا آپ کو کوئی شرمندگی نہیں ہوتی جب آپ فرح طالب عزیز کے ڈیزائن کردہ لباس آن لائن آرڈر کرتے ہیں اور ان ڈیزائنز کو اپنا بتا کر بیچتے ہیں؟ہمارے دو سال پرانے ڈیزائنز کو کاپی کرنے کا کیا مطلب ہے؟ یہ دسویں بار ہے جب آپ ہمارے ڈیزائنز چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں آپ کو خود پر شرم نہیں آتی؟

فرح طالب عزیز کی ٹیم کے مطابق ڈیزائنر حارث شکیل نے ان کے دو سال پرانے ڈیزائنز نقل کرکے انہیں حال ہی میں برائیڈل کٹیور ویک میں اپنا ڈیزائن بتاکر پیش کیا اور یہ پہلی بار نہیں ہوا ہے بلکہ انتظامیہ کے مطابق یہ کوئی دسویں بار ہے جب حارث شکیل نے ان کے ڈیزائنز چوری کیے ہیں۔

فرح طالب عزیز کی بیٹی اور برانڈ مینجر ملیحہ عزیز نے انسٹاگرام پر لکھا ہمارا کام بہت زیادہ کاپی ہوتا ہے لیکن عام طور پر ہم ہنگامہ نہیں کرتے کیونکہ معروف ڈیزائنرز اکثر چھوٹے برانڈز کا کام چوری کرتے ہیں۔ یہ ہمیں مشتعل کرنے والی چیز ہے۔

دوسری جانب ڈیزائنر حارث شکیل نے ڈیزائنر فرح طالب کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فرح طالب کو اپنی آواز اس وقت اٹھانی چاہئے تھی جب اس لباس کی گزشتہ سال سوشل میڈیا پر تشہیر کی گئی تھی۔ دونوں لباس بالکل ایک جیسے نہیں ۔ یہ ایک دوسرے سے بہت مختلف ہیں۔ لباس کا باڈی کٹ، آستینیں، دوپٹہ اور گلے کا ڈیزائن بھی مختلف ہے۔ ہاں میں اس بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ دونوں لباس کا رنگ ایک جیسا ہے لیکن یہ بہت عام کلر ہے جو اکثر دلہنوں کے لباس میں استعمال کیا جاتا ہے۔ اگر میں غلط نہیں ہوں تو فرح کے لباس کا اسٹائل انگ رکھا ہے جب کہ میرے لباس کا ڈیزائن پشواز ہے۔ لہذا مجھے فرح طالب کا دعویٰ بے معنی لگتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button