شوبز

کیا شعیب ملک ماہرہ خان کی خاطراداکاری کریں گے؟

آل راؤنڈرکرکٹ میدانوں اورماڈلنگ کی دنیا میں نام کمانےکےبعد اب اداکاری کےمیدان میں انٹری کے لیے تیار ہیں

پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان نے اپنی قریبی دوست اور پروڈیوسر نینا کاشف کے ساتھ پروڈکشن کمپنی سلفری فلمز کے ذریعے اب پروڈکشن کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔ ماہرہ خان کی پروڈکشن کمپنی کے تحت بننے والی پہلی ویب سیریز ’’بارہواں کھلاڑی‘‘ ہے۔ جس میں دانیال ظفر اور شاہ ویر جعفری اداکاری کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔

ایک انٹرویو کے دوران ماہرہ خان نے اپنی آنے والی ویب سیریز ’’بارہواں کھلاڑی‘‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس ویب سیریز میں فواد خان اور شعیب ملک بھی مختصر کردار میں نظر آئیں گے۔ میں بہت خوش ہوں اور ان دونوں کی شکرگزار ہوں کہ یہ دونوں میری ویب سیریز میں کام کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ ’’بارہواں کھلاڑی‘‘ میں زیادہ تر نوجوان اداکاروں کو کاسٹ کیا گیا ہے جن میں علی ظفر کے بھائی دانیال ظفر، معروف یوٹیوبر شاہ ویر جعفری، اداکارہ کنزیٰ ہاشمی اور خاقان شاہنواز شامل ہیں۔ اس ویب سیریز کی کہانی کرکٹ پر مبنی ہے۔ ماہرہ خان نے بتایا ان کی ویب سیریز  کی کہانی دوستی، تعلقات، اتحاد، ناکامی، کامیابی، محبت اور جرات کے گرد گھومتی ہے۔

’’بارہواں کھلاڑی‘‘ کی کہانی شاہد ڈوگر نے تحریر کی ہے جب کہ عدنان سرور اس کے ہدایت کار ہیں۔ اس کے علاوہ اداکارہ صبا فیصل، میرا سیٹھی اور سرمد کھوسٹ بھی فلم کی کاسٹ کا حصہ ہیں۔ پروڈیوسر نینا کاشف کا اپنی ویب سیریز کی کاسٹ کے بارے میں کہنا تھا کہ ہم ایک خاص عمر کے لڑکوں کا انتخاب کرنا چاہتے تھے کیونکہ کہانی نوجوان کرکٹ ٹیم کی ہے۔  ویب سیریز کی زیادہ تر شوٹنگ لاہور میں کی گئی ہے۔

ماہرہ خان اور نینا کاشف اپنی ویب سیریز کو پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے اختتام کے بعد ریلیز کرنے کا ارادہ رکھتی تھیں لیکن پی ایس ایل کے میچز ملتوی ہونے کے بعد اب ان کا ارادہ اسے عید سے قبل ریلیز کرنے کا ہے۔

دوسری جانب پروڈیوسر نینا کاشف نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ ’’بارہواں کھلاڑی‘‘ کے بعد ان کی پروڈکشن کمپنی بائیوپک (سوانح حیات) کے پروجیکٹ پر کام کررہی ہے اور اس پروجیکٹ میں ماہرہ خان بھی اداکاری کرتی ہوئی نظر آئیں گی۔

ماہرہ خان نے نینا کاشف کی بات میں اضافہ کرتے ہوئے کہا ابھی ہم آپ کو اپنے اگلے پروجیکٹ کے بارے میں صرف اتنا بتا سکتے ہیں کہ یہ ایک بائیوپک ہے۔ تاہم یہ کس کی بائیوپک (سوانح حیات) ہوگی اور اس کا نام کیا ہوگا فی الحال اس بارے میں آپ کو کچھ نہیں بتاسکتے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button