شوبز

سب فنکار منافق ہیں؛یاسر حسین کے انکشاف نے ہلچل مچا دی

اداکار یاسر حسین نے پاکستان شوبز انڈسٹری کو منافق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے اداکار سوشل میڈیا پر پڑنے والی گالیوں سے ڈرتے ہیں۔

یاسر حسین نے حال ہی میں برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے خود سے منسوب تنازعات اور پاکستانی شوبز انڈسٹری کے بارے میں اظہار خیال کیا۔یاسر حسین نے خود پر ہونے والی تنقید کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ایسا نہیں ہے کہ ساری دنیا مجھ سے نفرت کرتی ہے کچھ لوگ مجھے پسند بھی کرتے ہوں گے۔ یا اگر میں کسی کو پسند نہیں تو آپ کے پاس ایک بٹن ہے ان فالو کرنے کا مجھے سوشل میڈیا پر ان فالو کردیں میرے بارے میں جاننے کے لیے فکر مند نہ ہوں کہ میں کیا کرتا ہوں کیا کہتا ہوں۔

میزبان نے سوال پوچھا کہ جو باتیں آپ سوشل میڈیا پر کررہے ہوتے ہیں وہی باتیں دوسرے اداکار بھی کررہے ہوتے ہیں لیکن وہ سوشل میڈیا پر نہیں کرتے اس لیے ان کی باتیں لوگوں کے سامنے نہیں آتیں؟ اس سوال کے جواب میں یاسر حسین نے کہا ہماری انڈسٹری بہت منافق ہے اس میں کوئی جھوٹ نہیں ہے اور یہ آج سے نہیں بلکہ شروع سے ہے۔

یاسر حسین نے کہا جب بھی میں کسی تنازع کا شکار ہوتا ہوں تو بہت سارے فنکار مجھے فون کرکے کہتے ہیں تم نے بالکل صحیح بات کی لیکن وہ تمام فنکار سوشل میڈیا پر مجھے نہیں سراہتے کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ انہیں لوگوں سے گالیاں پڑیں گی اور وہ لوگوں کی جانب سے پڑنے والی گالیوں سے ڈرتے ہیں لیکن میں نہیں ڈرتا ان گالیوں سے۔

یاسر حسین نے کہا آج ہر چینل تنازع پر زندہ ہے۔ انہوں نے واسع چوہدری کے شو کے ’’گھبرانا نہیں ہے‘‘ کے بارے میں کہا مجھ سے پہلے اس شو میں ہمایوں سعید اور ماہرہ خان آئے تھے لیکن اس وقت تک اس شو کا نام کوئی نہیں جانتا تھا اور پھر شو کی تیسری قسط میں میں گیا اور آج اس شو کا نام سب کو پتہ ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button