شوبز

بھارتی ڈیزائنر نے خاموشی سے لاہور میں شوٹنگ کرلی؛فیشن انڈسٹری میں ہلچل

 معروف بھارتی ڈیزانئر نے اپنے ڈریسز کے شوٹ لاہور میں کئے ہیں جس پر فیشن انڈسٹری میں ہلچل مچ گئی ہے۔فیشن ڈیزائنر ماریہ بی نے پاکستان میں بھارتی فیشن ڈیزائنر ابھیناو مشرا کی ملبوسات کی شوٹنگ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ اب حکومت کے دعوے کدھر گئے؟

ماریہ بی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں بھارتی فیشن ڈیزائنر کی حال ہی میں شوٹ کی گئی تصاویر و ویڈیوز کے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ابھیناو مشرا کی ملبوسات کی شوٹنگ لاہور میں ہوئی۔ماریہ بی نے کہا کہ اگر بھارتی فیشن ڈیزائنر آکر پاکستان میں شوٹنگ کر سکتے ہیں تو پھر پاکستانی فیشن ڈیزائنر پڑوسی ملک کیوں نہیں جا سکتے؟

انہوں نے اپنی مختلف اسٹوریز میں سوال اٹھایا کہ آخر ہم بھی بطور انڈسٹری ایسے رد عمل کا اظہار کیوں نہیں کرتے، جیسے بھارتی ڈیزائنر کرتے ہیں اور وہ پاکستانیوں کو وہاں آنے سے روکتے ہیں؟ساتھ ہی انہوں نے سوال اٹھایا کہ بھارتیوں کے یہاں کام کرنے پر وزیر اعظم کے اب مسئلہ کشمیر کے تناظر میں کیا احکامات ہوں گے؟

انہوں نے مختلف اداکاروں اور صحافیوں کی جانب سے بھی مذکورہ معاملے پر کی گئی ٹوئٹس اور انسٹاگرام پوسٹس کے اسکرین شاٹ شیئر کیے۔

ماریہ بی نے ابتدائی طور پر دعا بٹ کی جانب سے مذکورہ فوٹو شوٹ کی ویڈیو شیئر کرنے پر کمنٹس کرتے ہوئے تعجب کا ایموجی شیئر کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے مذکورہ معاملے پر انسٹاگرام اسٹوریز شیئر کیں۔

ماریہ بی نے جس فوٹو شوٹ پر اعتراض کیا، اس میں فیشن ڈیزائنر ابھیناو مشرا کی ملبوسات کے لیے پاکستانی ماڈلز نے ماڈلنگ کی جب کہ فوٹوگرافی بھی پاکستانی نژاد فوٹوگرافر نے کی۔

مذکورہ فوٹو شوٹ کی تصاویر ابھیناو مشرا نے بھی انسٹاگرام پر شیئر کیں اور انہوں ماڈلنگ کرنے والی چاروں بہنوں کا شکریہ بھی ادا کیا، لیکن انہوں نے یہ واضح نہیں لکھا کہ فوٹو شوٹ لاہور میں ہوا تھا۔

ابھیناو مشرا نے جس ماڈل موزی صوفی کو پوسٹ میں مینشن کیا، انہوں نے بھی مذکورہ فوٹوشوٹ کی تصاویر شیئر کیں۔موزی صوفی نے فوٹوشوٹ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ماڈلنگ کا مقام لاہور بھی لکھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.