شوبز

شازیہ وجاہت ،اسما نبیل کا مشن مکمل کرنے کے لئے تیار

کینسر سے زندگی کی بازی ہارنے والی ڈرامہ نگار اسما نبیل کے لکھے گئے آخری ڈرامے پر کام شروع کردیا گیا۔

پروڈیوسر شازیہ وجاہت نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی کہ ان کے پروڈکشن ہاؤس نے اسما نبیل کے لکھے گئے آخری ڈرامے پر کام کا آغاز کردیا۔پروڈیوسر نے شوہر وجاہت رؤف اور ہدایت کار نجف بلگرامی کے ساتھ کھچوائی گئی تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے لمبی اور جذباتی پوسٹ میں بتایا کہ مذکورہ ڈراما ان سب کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔شازیہ وجاہت نے بتایا کہ وہ جس ڈرامے کو مکمل کرنے جا رہے ہیں، اسما نبیل نے زندگی کے آخری ایام میں لکھا تھا اور وہ ڈرامہ ساز کے لیے انتہائی معنی خیز اسکرپٹ تھا۔ان کے مطابق انہوں نے اسما نبیل کے ہمراہ مذکورہ ڈرامے کے اسکرپٹ پر جنوری 2020 میں کام کا آغاز کیا تھا۔شازیہ وجاہت نے لکھا کہ مذکورہ ڈرامے کی آخری قسطیں لکھنے کے دوران ہی اسما نبیل ہم سے بچھڑیں مگر ان کا مشن مکمل کیا جائے گا۔

پروڈیوسر نے بتایا کہ اسما نبیل مذکورہ ڈرامہ لکھتے وقت متعدد مرتبہ جذباتی ہوکر رو پڑی تھیں اور انہیں بھی رلادیا تھا اور اب وہ کوشش کریں گے ایسے ہی مناظر ڈرامے میں شامل کرکے ان کا قرض ادا کیا جائے۔شازیہ وجاہت کے مطابق اسما نبیل نے مذکورہ ڈرامہ لکھنے کو اپنی ذمہ داری اور مشن سمجھ کر مکمل کیا، جب کہ وہ انہیں کہتی رہتی تھیں کہ وہ اتنا پریشر نہ لیں۔

پروڈیوسر نے لکھا کہ ممکن ہے کہ اسما نبیل کو احساس ہو چکا ہو کہ ان کے پاس وقت کم ہے، اس لیے انہوں نے مشن سمجھ کر آخری ڈرامہ مکمل کیا، جسے نجف بلگرامی حقیقت کا روپ دے کر ڈرامہ ساز کا قرض ادا کریں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.