شوبز

فواد خان اور صنم سعید پہلی بار ویب سیریز میں ایک ساتھ

بھارتی خاتون فلم پروڈیوسر شیلجا کجریوال کی جانب سے پاکستانی اداکار فواد خان کی تصویر شیئر کیے جانے کے بعد چہ مگوئیاں ہیں کہ جلد ہی اداکار ایک ویب سیریز میں صنم سعید کے ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔

شیلجا کجریوال نے 26 ستمبر کو انسٹاگرام پر فواد خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مختصر کیپشن میں لکھا کہ ’بلآخر، ’زندگی سفل‘۔ان کی جانب سے شیئر کی گئی فواد خان کی تصویر میں اداکار کو قدرے مختلف روپ میں دیکھا جا سکتا ہے اور اندازہ ہوتا ہے کہ مذکورہ تصویر اداکار کے کسی ڈرامے یا ویب سیریز کے کردار کی ہے۔اگرچہ شیلجا کجریوال نے فواد خان کی تصویر کے ساتھ مزید کچھ نہیں لکھا، تاہم مداحوں اور لوگوں نے کمنٹس کرکے ان سے پوچھنا شروع کیا کہ کیا فواد خان کے ہمراہ صنم سعید بھی پروجیکٹ کا حصہ ہوں گی؟

بھارتی پروڈیوسر کی تصویر پر پاکستانی فلم ساز مہرین جبار نے کمنٹ کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور لکھا کہ وہ اس کے لیے پرجوش ہیں۔بھارتی پروڈیوسر کی پوسٹ پر مہرین جبار کی جانب سے کمنٹس کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں نے چہ مگوئیاں شروع کردیں کہ جلد ہی فواد خان ویب سیریز میں دکھائی دیں گے، جسے بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ ’زی فائیو‘ پر نشر کیا جائے گا۔

شیلجا کجریوال ’زی فائیو‘ کے لیے ویب سیریز اور فلمیں پروڈیوس کرتی رہی ہیں، انہوں نے متعدد بولی وڈ فلمیں جن میں ’قریب قریب سلا، مداری، ٹوبا ٹیک سنگھ، حمیدابائی کی کوٹھی، جیون ہاتھی اور لالا بیگم‘ شامل ہیں۔خبریں ہیں کہ ممکنہ طور پر فواد خان ویب سیریز کو پروڈیوس کر رہی ہیں، جسے مہرین جبار بنا رہی ہیں لیکن اس حوالے سے تاحال کوئی تصدیقی خبر سامنے نہیں آ سکی۔

مہرین جبار نے کچھ ماہ قبل ہی ’زی فائیو‘ کے لیے ’ایک جھوٹی لو اسٹوری‘ نامی ویب سیریز بنائی تھی، جسے کافی پسند کیا گیا۔اب افواہیں ہیں کہ ممکنہ طور پر مہرین جبار پھر سے ’زی فائیو‘ کے لیے فواد خان اور صنم سعید سمیت دیگر اداکاروں پر مبنی ویب سیریز بنانے میں مصروف ہیں، جس کا ممکنہ نام ’زندگی سفل‘ ہے لیکن اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.