عمان اور کویت میں نئی بھارتی فلم کی ریلیز پر پابندی
ہندوستانی بادشاہ پرتھوی راج چوہان کی زندگی پر بننے والی فلم ’سمراٹ پرتھوی راج‘ کی ریلیز پر عمان اور کویت میں پابندی عائد کردی گئی ہے۔
اکشے کمار اور اداکارہ مانوشی چھلر کی نئی آنے والی فلم سمراٹ پرتھوی راج عمان اور کویت میں ریلیز نہیں کی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق عمان اور کویت میں اس فلم کی ریلیز پر پابندی کیوں عائد کی گئی ہے اس کی واضح وجہ معلوم نہیں ہوسکی اور نہ ہی فلم کی ٹیم کی جانب سے اب تک اس کی تصدیق کی گئی ہے۔ چندر پراکاش دویدی کی تحریر اور ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم سے اداکارہ مانوشی چھلر بالی وڈ میں ڈیبیو کررہی ہیں۔رپورٹس کے مطابق اس فلم کا نام پہلے پرتھوی راج تھا لیکن ٹیم نے 27 مئی کو ٹائٹل تبدیل کرکے اس کا نام سمراٹ پرتھوی راج رکھا۔
فلم کے نام کی تبدیلی کا فیصلہ شری راجپوت کرنی سینا نامی تنظیم کی درخواست کے بعد کیا گیا۔اطلاعات کے مطابق درخواست میں راجپوت برادری کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگایا گیا تھا۔