شوبز

معروف ولاگر حنا دانیال ملک انتقال کر گئیں

اپنے ولاگز کے ذریعے مقامی تاجروں، دکانداروں اور کاروباری حضرات کی تشہیر کرکے شہرت حاصل کرنے والی یوٹیوبر، ٹک ٹاکر اور ولاگر حنا دانیال ملک انتقال کر گئیں۔

ابتدائی طور پر گزشتہ ہفتے حنا دانیال ملک کے انتقال کی خبریں سوشل میڈیا پر پھیلی تھیں اور دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ وہ روڈ ایکسیڈنٹ میں چل بسیں۔تاہم اب ان کے انسٹاگرام پر ان کی بہن اور شوہر نے وضاحتی ویڈیوز جاری کرتے ہوئے ان کے انتقال کرجانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حنا دانیال ملک روڈ حادثے میں نہیں بلکہ ’برین اٹیک‘ ممکنہ طور پر ’دماغی فالج‘ کا حملہ ہوا تھا۔ان کی بہن حرا انیس نے ولاگر کے انسٹاگرام پر تقریبا 12 منٹ دورانیے کی ویڈیو میں بتایا کہ حنا دانیال ملک 11 جون کو انتقال کر گئی تھیں اور وہ ان کی موت کے صدمے میں ہونے کی وجہ سے لوگوں کے جوابات نہیں دے پا رہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ جس دن ان کی بہن انتقال کر گئی تھیں، اسی رات ان کے پاس ان کے بہنوئی کا فون آیا کہ حنا دانیال کی طبیعت خراب ہوگئی ہے اور وہ گھر پہنچیں۔حرا انیس کے مطابق جب وہ بہن کے گھر پہنچیں تو انہیں فالج کے حملے کی حالت میں دیکھا اور بعد ازاں انہیں نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی وارڈ میں ان کے بہت سارے ٹیسٹس اور سی ٹی اسکین کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ایمرجنسی میں کوئی ماہر اور سینیئر ڈاکٹر موجود نہیں تھا اور انہیں بتایا گیا کہ حنا دانیال ملک کے دماغ میں ممکنہ طور پر کلاٹنگ ہوئی ہے اور اس کے علاج کے لیے انہیں 11 لاکھ روپے جمع کروانے پڑیں گے۔

حرا انیس نے ہسپتال انتظامیہ کی بے حسی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ برا رویہ اختیار کیا گیا اور انتظامیہ کو سمجھنا چاہیے کہ کسی کے پاس بھی ہر وقت اتنی بڑی نقد رقم موجود نہیں ہوتی۔انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ ایمرجنسی وارڈ میں ہی ان کی بہن کی طبیعت مزید خراب ہوگئی، جس کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) اور بعد ازاں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا مگر وہ پھر بھی جاں بر نہ ہوسکیں اور 11 جون کی شام کو خالق حقیقی سے جا ملیں۔حرا انیس کا کہنا تھا کہ آئی سی یو میں منتقل کیے جانے کے وقت تک ان کی بہن کا 70 فیصد دماغ ختم ہو چکا تھا اور وہ بلکل بے جان بن چکی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ حنا دانیال ملک کا کوئی ایکسیڈنٹ نہیں ہوا اور یہ کہ ان کے شوہر سمیت ان کے سسرال والوں نے ان کی بہت دیکھ بھال کی اور اس کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔انہوں نے بتایا کہ ولاگر کی تدفین کراچی کے معروف قبرستان ’سخی حسن‘ میں کردی گئی اور ساتھ ہی انہوں نے لوگوں سے ان کی مغفرت کے لیے دعا کی اپیل بھی کی۔

والاگر کی بہن نے بتایا کہ حنا دانیال ملک کی بہت ساری ویڈیوز ان کے پاس موجود ہیں، جنہیں ان کی بہن مستقبل میں اپ لوڈ کرنے والی تھیں اور اب وہ کوشش کریں گی کہ ان کو بھی اپ لوڈ کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.