حریم فاروق شدید علامات کیساتھ کورونا کا شکار
معروف اداکارہ ویکسین لگوانےکےباوجود بھی کورونا وائرس کا شکارہوگئیں
پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ حریم فاروق ویکسین لگوانے کے باوجود بھی شدید علامتوں کے ساتھ کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں۔ حریم فاروق نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ ویکسین لگوانے کے بعد بھی بدقسمتی سے میرا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ خوش قسمتی سے جس دن مجھے کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئیں تو میرا اُس دن زیادہ لوگوں سے رابطہ نہیں ہوا۔ اُنہوں نے کہا کہ میری علامات واقعی خراب تھیں اور پچھلے کچھ دن خوفناک رہے ہیں، بخار اور جسم کا درد ناقابلِ برداشت ہے۔ حریم فاروق نے دُکھ بھرے انداز میں کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ یہ عید تنہائی میں گزار رہی ہوں۔
اداکارہ نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ براہِ کرم! مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں اور مہربانی کرکے عید پر اپنے اور اپنے پیاروں کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا نہ بھولیں۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ معافی کی عید سے بہتر ہے کہ ایک محفوظ عید ہو۔