اچھی صحت کیلئے کتنے گھنٹے سونا چاہیے؟ نئی تحقیق نے سب کو حیران کر دیا
ہر رات 7 گھنٹے سے زائد نیند کو عادت بناکر عمر میں اضافے کے ساتھ اچھی صحت کو یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے: نئی تحقیق میں حیران کن انکشاف
چین (مانیٹرنگ ڈیسک) اچھی صحت کیلئے کتنے گھنٹے سونا چاہیے؟ ہم سب ہی صحت مند زندگی گزارنا چاہتے ہیں اور یہ خواہش ہوتی ہے عمر میں اضافے کے ساتھ کم از کم بیماریوں کا سامنا ہو۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا کہ اچھی صحت کے لیے ہر رات کتنے گھنٹے کی نیند ضروری ہے۔ اس تحقیق میں یہ بتایا گیا کہ ہر رات 7 گھنٹے سے زائد نیند کو عادت بناکر عمر میں اضافے کے ساتھ اچھی صحت کو یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے۔ یہ بات چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ Wenzhou میڈیکل یونیورسٹی کی تحقیق میں 45 سال اور اس سے زائد عمر کی 33 سو سے زائد افراد کو شامل کیا گیا تھا۔ ان افراد کی نیند کی عادات کا جائزہ 2011 سے 2015 تک لیا گیا اور پھر اگلے 5 سال تک ان کی صحت کو مانیٹر کیا گیا۔
تحقیق کے اختتام پر صرف 455 افراد ایسے تھے جن کی صحت عمر میں اضافے کے ساتھ بہتر ہوئی۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ ہر رات کم از کم 7 گھنٹے سونے کے عادی افراد کی صحت عمر بڑھنے کے ساتھ بہتر ہونے کا امکان بڑھتا ہے۔ محققین نے بتایا کہ ایسے افراد کو بڑھاپے میں متعدد دائمی امراض سے بچنے میں مدد ملتی ہے جبکہ جسمانی معذوریوں کا خطرہ گھٹ جاتا ہے اور دماغی افعال بہتر ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اچھی نیند سے امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔ عمر اور دیگر عناصر کو بھی تحقیق میں مدنظر رکھا گیا تھا تاہم وہ نیند اور اچھی صحت کے درمیان واضح تعلق دریافت نہیں کرسکے مگر ان کا کہنا تھا کہ نتائج سے اچھی نیند کی اہمیت کا عندیہ ملتا ہے۔
بیشتر افراد کی پسندیدہ وہ غذا جو قبل از وقت بڑھاپے کا شکار بنا دیتی ہے اس سے قبل بھی تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ ہر رات 7 گھنٹے کی نیند مثالی ہوتی ہے اور اس سے صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اسی طرح یہ بھی ثابت ہوچکا ہے کہ نیند اور متعدد جسمانی و دماغی امراض سے تحفظ کے درمیان تعلق موجود ہے۔ محققین کے مطابق ہماری تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ نیند کی کمی یا نیند کے دورانیے میں اکثر کمی بیشی سے صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔