خواتین میں کیلشیم کی کمی کتنا نقصان دہ ہے ؟ڈاکٹرز نے بتا دیا
75فیصد سے زائد پاکستانی خواتین کیلشیم کی کمی کا شکار ہیں،کیلشیم کی کمی ہڈیوں کے ٹوٹنے کا سبب بھی ہوتی ہے
لاہور (کھوج نیوز )آرٹس کونسل آف پاکستان میں مقامی دوا ساز ادارے کے زیر اہتمام تھیٹر پلے چونا لگاکے پیش کیا گیا، جس میں خواتین میں کیلشیم کی کمی سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹرز سمیت طبی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور ڈرامے کو خوب سراہا۔ ڈاکٹرز کہتے ہیں 75 فیصد سے زائد پاکستانی خواتین کیلشیم کی کمی کا شکار ہیں۔ڈرامے کا مقصد یہ بتانا تھا کہ خواتین میں کیلشیم کی کمی اور اس کے نتیجے میں ہڈیوں کے ٹوٹنے، ہڈیوں کا بھربھراپن جیسی بیماریاں جنم لیتی ہیں۔
ڈرامے میں بتایا گیا کہ کس طرح خواتین میں کیلشیم کی کمی کے نتیجے میں گھریلو ناچاقی شروع ہوتی ہیں کیونکہ خواتین گھر اور آفس کے کاموں میں بہتر انداز میں کردار نہیں نبھا پاتیں۔ماہر امراض نسواں ڈاکٹر شاہین ظفر نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کو صحت کے مسائل درپیش ہیں اور اس میں سرفہرست کیلشیم کی کمی ہے، جس کی وجہ سے خواتین میں ہڈیوں اور جوڑوں کے مسائل ہوتے ہیں لیکن انہیں علم ہی نہیں ہوتا کہ وہ کیلشیم کی کمی کا شکار ہیں اور اسے سپلیمنٹس کے ذریعے پورا کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بار بار خواتین کے حاملہ ہونے کی وجہ سے بھی کیلشیم کی کمی ہوتی ہے، ہڈیاں کمزور ہونا شروع ہوجاتی ہیں اور اس کے نتیجے میں بڑی عمر میں فریکچرز کی شکایات عام ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ خواتین اپنی صحت کا خیال رکھیں کیونکہ ایک ماں کی صحت سے پورے خاندان کی صحت بنتی ہے اور ایک ماں کے ہڈیاں ، جوڑ اور پٹھے مضبوط ہونگے تو وہ ایک مضبوط خاندان کو جنم دے گی۔