روٹی اور چاول دونوں کے صحت کے لئے اپنے اپنے فائدے
روٹی اور چاول دونوں صحت کے لئے مفید ہیں اور انہیں متبادل دنوں میں استعمال کیا جاسکتا ہے
لاہور(کھوج صحت) بہت سے لوگوں کو صرف روٹی ہی پسند ہوتی ہے اور وہ چاول کھانا زیادہ پسند نہیں کرتے جب کہ کچھ دوسرے لوگوں کو چاول کےبغیر کھانا کچھ ادھورا لگتا ہے اور وہ بھی ہیں جو تینوں وقت چاول پر ہی گذارہ کرتے ہیں ،بہر کیف طبی ماہرین کہتے ہیں کہ ہر ایک کی پسند اگرچہ الگ الگ ہوتی ہے ۔
لیکن اگر آپ اپنا وزن کم کرنا چاہتے ہیں تو عام طور پر یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ کاربوہائیڈریٹ والی غذاؤں کا استعمال کم کریں اور پروٹین کا بڑھائیں لیکن یہاں مسئلہ یہ ہے کہ روٹی ہو یا چاول دونوں میں کاربوہائیڈریٹس ہوتے ہیں اس لئے کسی ایک کو منتخب اور دوسرے کو ترک کرنا مسئلے کا حل نہیں۔
سرسری طور پر کہا جاسکتا ہے کہ روٹی اور چاول کی غذائی قدریں بہت زیادہ مختلف نہیں ہیں البتہ سوڈیم کی مقدار چاول میں بہت کم جب کہ 120گرام گندم میں 190ملی گرام سوڈیم ہوتا ہے۔ سفید چاول میں سے ضروری غذایتیں نکال دی جاتی ہیں جب کہ بھورے چاول میں یہ موجود ہوتی ہیں ۔
60گرام چاول میں 80حرارے، ایک گرام پروٹین، 0.1 گرام چکنائی اور 18گرام کاربوہائیڈریٹس ہوتے ہیں۔ دوسری طرف گندم کے آٹے سے بنی ہوئی روٹی میں چاول کے مقابلے میں زیادہ غذایتیں ہوتی ہیں۔ 6انچ قطر کی ایک روٹی میں تقریباً 71حرارے،3گرام پروٹین ،0.4گرام چکنائی اور 15گرام کاربوہائیڈریٹس ہوتے ہیں ۔
گندم کےمقابلےمیں چاول میں فاسفورس اورمیگنیشئم کی مقدارکم ہوتی ہے ۔ ان کے علاوہ چاول اور گندم دونوں میں فولیٹ اورآئرن کی مقداریکساں ہوتی ہے۔ روٹی اور چاول دونوں کے صحت کے لئے اپنے اپنے فائدے ہیں۔ ایک طرف اگر چاول کے ساتھ دال کھائی جائے تو اس میں تمام امینو ایسڈز شامل ہوتی ہیں اور پروٹین کی ضرورت اچھی طرح پوری ہوسکتی ہے جو صرف سبزی چاول سے نہیں ملتی۔
دوسری طرف اگر گندم کے آٹے کی تھوڑی مقدار کے ساتھ جو، جوار اور باجرے کا آٹا شامل کرلیا جائے تو اس ملے جلے آٹے سے تیار شدہ روٹی آپ کو بہت ساری غذائیتیں مثلاً کیلشیئم، زنک اور فاسفورس فراہم کرسکتی ہے۔
روٹی اور چاول دونوں صحت کے لئے مفید ہیں اور انہیں متبادل دنوں میں استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ لیکن اگر کوئی اپنا وزن کم کرنا چاہتا ہے تو روٹی اور چاول کی مقدار کو ملحوظ خاطر رکھنا ہوگا اور رات 8بجے سےپہلے کھانا کھا لینا ہوگا۔ دھیان رہے کہ کاربوہائیڈریٹ والی غذائیں اگر رات میں دیر سے کھائی جائیں تو پیٹ میں گیس بھرنے کا مسئلہ بھی درپیش آسکتا ہے ۔ اور جسم کو اہم غذائیتیں جذب کرنے میں دشواری ہوسکتی ہے ۔
ایک اور اہم بات یہ ہے کہ چاول کے مقابلے میں روٹی شکم سیری کا زیادہ احساس دلاتی ہے۔ دو روٹی کھا کر پیٹ جتنا بھرا ہوا لگتا ہے، وہ احساس چاول کھانے سے نہیں ملتا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ چاول میں روٹی کے مقابلے میں غذائی ریشے، پروٹین اور چکنائی کم ہوتی ہے۔ چاول کے ایک بڑے پیالے میں تقریباً 400کیلوریز ہوتی ہیں جو یومیہ ضرورت کا بڑا حصہ پورا کردیتی ہیں ۔ اگر آپ پائیدار طریقے سے وزن کم کرنا چاہتے ہیں توآپ کو ایک وقت میں آدھا بڑا پیالہ چاول یا دو روٹی کھانی چاہیے۔